ہارس ٹریڈنگ دوبارہ شروع ، زرداری ایم پی ایز کو 50کروڑ کی آفر کر رہے ہیں : عمران
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ آصف زرداری ایم پی ایز کو 50، 50 کروڑ میں خریدنے کی کوشش کررہے ہیں۔ سابق وزیراعظم نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ آج لاہور میں بھی سندھ ہاؤس اسلام آباد والی ہارس ٹریڈنگ کی صورتحال دوبارہ ہو رہی ہے، ایم پی ایز کو خریدنے کیلئے 50 کروڑ کی آفر کی جارہی ہے۔ عمران خان نے بتایا کہ اس سب کے پیچھے آصف زرداری ہیں، جو اپنی کرپشن پر این آر او حاصل کرتے ہیں اور لوٹی ہوئی دولت سے لوگوں کو خریدتے ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ نہ صرف ہماری جمہوریت بلکہ ہمارے معاشرے کے اخلاقی اقدار پر حملہ ہے، اگر سپریم کورٹ نے ایکشن لیا ہوتا اور ان لوٹوں پر تاحیات پابندی لگائی ہوتی تو یہ سلسلہ رک سکتا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی کورکمیٹی نے پرویزالہٰی کو وزیراعلیٰ کا امیدوار نامزد کیا ہے، تحریک انصاف کے پاس 188 ارکان موجود ہیں، پی پی 7 اور مظفرگڑھ میں دوبارہ گنتی کی درخواستیں دی ہوئی ہیں، دوبارہ گنتی میں ہماری تعداد 190 ہوسکتی ہے۔