• news

کھلاڑی متھد، وزیر اعلی کا انتخاب جیتیں  گے : پرویز الہی 


لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق) کی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس شاہ محمود قریشی اور سپیکر چودھری پرویزالٰہی کی زیر صدارت ہوا جس میں وزیر اعلیٰ کے انتخاب کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔ اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان کے ویژن کو اگے بڑھانے کا وقت ہے۔ مسلم لیگ ق اور پی ٹی آئی کے اراکین دباؤ کے باوجود ثابت قدم رہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ عمران خان کے کھلاڑی متحد کھڑے ہیں۔ ضمنی انتخابات نے واضح کردیا کہ عمران خان ملک کے مقبول ترین سیاسی لیڈر ہیں۔ وزیراعلیٰ کے انتخاب میں انشاء اللہ کامیابی حاصل کریں گے۔ حکومتی ہتھکنڈوں پر نظر ہے‘ اس کو ناکام بنائیں گے۔ بائیس جولائی کو پنجاب اسمبلی کے ایوان کا فیصلہ عمران خان کے حق میں آئے گا۔ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اپوزیشن لیڈر سبطین خان، ڈپٹی اپوزیشن لیڈر محمد بشارت‘ میاں اسلم اقبال، سابق گورنر عمر سرفراز چیمہ، میاں محمود الرشید، ساجد احمد خان بھٹی، مراد راس، وسیم بادوزئی، حافظ عمار یاسر، محسن لغاری، چودھری ظہیر الدین، سماویہ طاہر، سبین گل، سمیرا رضا، مسرت چیمہ‘ نومنتخب اراکین اسمبلی زین قریشی، عامر اقبال شاہ، سیف الدین کھوسہ، میجر (ریٹائرڈ) غلام سرور، شبیر گجر بھی شریک ہوئے۔ بعدازاں پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہمارے ارکان کو کون غائب کرے گا؟ کیوں غائب ہوں گے، رانا ثناء کا بیان بہت افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا، ہمیں عددی اکثریت حاصل ہے۔ ہمیں 188 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔ حکمران اتحاد ہماری اکثریت تسلیم نہیں کر رہا۔ انہوں نے کہا کہ چودھری پرویزالہٰی ہمارے امیدوار ہیں۔ انشاء اللہ کامیاب ہوں گے۔ ہمیں افسوس ہے کہ انتظامیہ نے 25 مئی کو افسوسناک رویہ اپنایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ انتظامیہ اب وہ رویہ نہیں اپنائے گی۔ امید ہے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کا مرحلہ آئینی طریقے سے حل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ایجنڈا پاکستان نہیں، اپنی کرسی اور مفادات ہیں۔ آصف زرداری کے مشوروں پر چلتے ہوئے یہ نوبت آئی ہے۔ یہ لوگ پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کے لیے نہیں آئے۔ دریں اثنا سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیراعلیٰ کے انتخاب کے معاملے پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ چودھری پرویزالٰہی نے نمبر گیم بارے پی ٹی آئی قیادت کو اعتماد میں لیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ الحمدللہ پی ٹی آئی اور پاکستان مسلم لیگ ق کے پاس اکثریت ہے۔ ارکان اسمبلی کو اغوا یا ہراساں کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنا دیا جائے گا۔ رانا ثناء اللہ کے بیان کے بعد معاملہ اعلیٰ عدلیہ کے پاس لیکر گئے ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا پنجاب اسمبلی کے ایوان کی اکثریت عمران خان اور ان کے نامزد امیدوار چودھری پرویزالٰہی کے ساتھ کھڑی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن