• news

ڈالر مزید ایک روپیہ مہنگا ، قیمت 225روپے ، سٹاک مارکیٹ میں قدرے استحکام 


کراچی  (کامرس رپورٹر) انٹر بینک اور مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالر مزید مہنگا ہو گیا جس کے بعد انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر226.20روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ہے۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق بدھ کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں2.20 روپے کا اضافہ ہوا جس سے ڈالر کی قیمت خرید 223روپے سے بڑھ کر225.20روپے اور قیمت فروخت224روپے سے بڑھ کر226.20روپے ہو گئی۔ اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر1روپے مہنگا ہو گیا جس سے ڈالر کی قیمت خرید 222روپے سے بڑھ کر223 روپے اور قیمت فروخت224روپے سے بڑھ کر225روپے ہو گئی۔ فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قدر میں 50پیسے کی کمی واقع ہوئی جس سے یورو کی قیمت فروخت 228.50روپے سے گھٹ کر228روپے پر آ گئی جبکہ 1روپے کے اضافے سے برطانوی پونڈ کی قیمت خرید 262روپے سے بڑھ کر263روپے ہو گئی۔ تاہم برطانوی پونڈ کی قیمت فروخت 268روپے پر مستحکم رہی۔ ایک روزہ تیزی کے بعد سونے کی قیمت میںریورس گیئر لگ گیا۔ بدھ کو فی تولہ سونے کی قیمت میں1200 روپے کی کمی ہوگئی اور اس کمی سے فی تولہ سونا1 لاکھ 44 ہزار روپے پرآگیا۔ 10 گرام سونے کی قیمت 1028 روپے کی کمی سے 1لاکھ 23 ہزار 457 روپے رہ گئی۔ عالمی مارکیٹ میں 9ڈالر کی کمی سے فی اونس سونا 1708 ڈالر پر آگیا۔ پاکستان سٹاک ایکس چینج میں بدھ کو کاروباری اتار چڑھاؤ کے بعد کاروبار حصص میں محدود پیمانے پر تیزی رہی، کے ایس ای100انڈیکس 40500پوائنٹس کی حد عبور کرنے کے بعد 40400پوائنٹس کی سطح پر واپس آگیا، جبکہ مارکیٹ کے سرمائے میں 9ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تاہم 52فیصد حصص کی قیمتیں گھٹ گئیں۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ابتدائی سیشن کے دوران تیزی کے باعث کے ایس ای 100انڈیکس 40534پوائنٹس کی سطح کو چھو گیا تھا تاہم خراب معاشی صورتحال اور روپے کی قدر پر دباؤ کے پیش نظر منافع کی خاطر بعض سٹاکٹس میں فروخت کے دباؤ سے انڈیکس 40135پوائنٹس کی کم سطح پر گر گیا تھا۔ مارکیٹ کو سہارا دینے کی غرض سے خریداری کے باعث انڈیکس 40400پوائنٹس کی نفسیاتی حد پر بحال ہو گیا۔

ای پیپر-دی نیشن