• news

پرویز الہی کو وزیراعلی بنائیں گے، اپوزیشن نے ہارس ٹریڈنگ کیخلاف قرارداد منظور کر لی 


لاہور (خصوصی نامہ نگار)  پنجاب اسمبلی کے سپیکر چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت اجلاس میں وزیر اعلیٰ کے انتخاب میں مبینہ ہارس ٹریڈنگ اور انتظامیہ کے ہتھکنڈوں کیخلاف ڈپٹی اپوزیشن لیڈر میاں اسلم اقبال نے قرارداد پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ قرارداد میں کہا گیا کہ وزیر اعلی کے انتخاب کو سبوتاژکرنے کی کوششوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہیں۔ وفاق اور صوبے کے وزیر داخلہ آئی بی اور پولیس کے ذریعے دباؤ ڈالا جارہا ہے۔ آصف علی زرداری اپنی دولت سے لوگوں کو لوٹا بنانے کیلئے لاہور میں موجود ہیں۔ قرارداد میں مزید کہا گیا کہ ایوان آصف علی زرداری کی کوششوں کی مذمت کرتا ہے۔ یہ سب سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی ہے۔ ہمارے مینڈیٹ کو سبوتاژ کرنے والوں کا نام تاریخ میں سیاہ الفاظ میں لکھا جائے گا۔ دوران اجلاس ڈپٹی اپوزیشن لیڈر سبطین خان نے کہا کہ تین ماہ سے ناجائز و امپورٹڈ حکومت نے آئینی بحران پیدا کیا ہوا ہے۔ حکومت نے ہر وہ کام کیا جو ستر سالہ تاریخ میں کسی نے نہیں کئے۔ تین ماہ میں حکومت نے نیب قوانین کو ختم کرنے کے علاوہ کوئی کام نہیں کیا۔ رکن اسمبلی ساجدہ بیگم نے کہا کہ ن لیگ نے جو کچھ ایوان میں کیا وہ سیاہ دن کے طور پر منایا جائیگا۔ رکن اسمبلی عائشہ اقبال نے کہا کہ جتنا مرضی لالچ دیں پرویز الٰہی کو وزیر اعلی بنائیں گے۔ 22جولائی تاریخی دن ہوگا۔  رکن اسمبلی فردوس رانا نے کہا کہ اگر عمران خان کی خواہش ہے کہ پرویز الٰہی وزیر اعلیٰ ہوں تو توقع ہے کہ آپ اچھا سلوک کریں گے۔ بعد ازاں ایجنڈا مکمل ہونے پر اجلاس آج دن دو بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن