• news

گال ٹیسٹ، پاکستان نے ہدف حا صل کرنے کا عالمی ریکارڈ قا ئم کر کے سری لنکا سے فتح چھین لی 


لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان نے عبداللہ شفیق اور کپتان بابر اعظم کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت سری لنکا کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 4 وکٹوں سے شکست دے کر گال سٹیڈیم میں سب سے بڑے ہدف کے حصول کا نیا ریکارڈ بنا دیا۔گال میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے پانچویں دن پاکستان نے 222 رنز تین کھلاڑی آئوٹ سے اپنی دوسری نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو اسے فتح کیلئے مزید 120 رنز درکار تھے۔سنچری میکر عبداللہ شفیق کے ہمراہ نائب کپتان محمد رضوان موجود تھے اور دونوں نے مل کر چوتھی وکٹ کیلئے 71 رنز کی شراکت قائم کی، اس مرحلے پر جے سوریا نے 40 رنز بنانے والے رضوان کو چلتا کیا۔ عبداللہ نے آغا سلمان کیساتھ مزید 22 رنز جوڑے البتہ پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے آغا سلمان دوسری اننگز میں بھی خاطر خواہ کھیل پیش نہ کر سکے اور 12 رنز بنانے کے بعد جے سوریا کی اننگز میں چوتھی وکٹ بن گئے۔پانچ وکٹیں گرنے کے بعد سکور کو تیزی سے آگے بڑھانے کیلئے حسن علی کو میدان میں بھیجا گیا لیکن وہ صرف ایک چوکا مارنے کے بعد اگلی ہی گیند پر آئوٹ ہو گئے۔ عبداللہ شفیق کا ساتھ دینے محمد نواز آئے اور ابتدائی طورپر یہ جوڑی خاصی محتاط رہی لیکن پھر دونوں نے کھل کر بیٹنگ کرنا شروع کی۔عبداللہ شفیق نے اپنے 150رنز مکمل کیے اور دونوں نے مل کر سکور کو 325 تک پہنچا یاہی تھا کہ سری لنکا کو ایک وکٹ لینے کا موقع ملا لیکن ڈیپ سکوائر لیگ پر کاسن رجیتھا آسان کیچ ڈراپ کر بیٹھے۔اس کے بعد دونوں نے مزید رنز جوڑتے ہوئے سکور کو 331 تک پہنچا دیا لیکن اس مرحلے پر میچ میں بارش نے مداخلت کردی جس کی وجہ سے کھیل کو روکنا پڑ گیا۔بارش کے بعد میچ دوبارہ شروع ہوا تو پاکستان کو ہدف حاصل کرنے میں زیادہ دیر نہ لگی اور قومی ٹیم نے مزید کوئی وکٹ گنوائے بغیر ہی ہدف حاصل کر لیا۔عبداللہ شفیق 160 رنز بنا کر کی شاندار اننگز کھیل کر ناقابل شکست رہے، ان کی اننگز میں 7چوکے اور ایک چھکا شامل تھا ۔محمد نواز نے 19رنز بنائے۔ سری لنکا نے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 222 رنز بنائے تھے‘ جواب میں پاکستان کی ٹیم 218 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی تھی۔میچ کی دوسری اننگز میں سری لنکا نے 337 رنز بنا کر پاکستان کو فتح کیلئے 342رنز کا ہدف دیا تھا۔عبد اللہ شفیق کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ چوبیس جولائی سے گال میں ہی کھیلا جائے گا۔ پاکستان نے گال سٹیڈیم میں 342 رنز کے ہدف کا کامیابی سے تعاقب کر کے اس میدان پر سب سے بڑے ہدف کے حصول کا نیا عالمی ریکارڈ بنا دیا۔اس سے قبل اس سٹیڈیم پر کبھی بھی 300 رنز سے زائد کا ہدف عبور نہیں کیا جاسکا اور اس سے قبل سب سے بڑے ہدف کے حصول کا ریکارڈ میزبان سری لنکا ہی کے پاس تھا جب اس نے 2019 میں نیوزی لینڈ کیخلاف 268 رنز کا ہدف حاصل کیا تھا۔چیئرمین سینٹ نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں شاندار فتح پر قومی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔صدر عارف علوی نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کو میچ جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے چوتھی اننگز میں ایک بڑا ہدف حاصل کرنے کیلئے پر اعتماد کھیل پیش کیا۔

ای پیپر-دی نیشن