پاکستان میں دہشتگردی ، ٹی ٹی پی ، بی ایل اے ملوث ، بھارت سہولت کار ہے : مندوب
اسلام آباد+ نیو یارک (خصوصی نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت) پاکستانی سفارتکار نے اقوام متحدہ میں بھارتی مندوب کی تقریر پر کرارا جواب دیتے ہوئے کہا بھارت پاکستان میں دہشت گرد تنظیموں کا سہولت کار ہے۔ سلامتی کونسل میں بھارت کا گھناؤنا کردار بے نقاب کردیا۔ پاکستانی سفارتکار محمد راشد نے بھارتی مندوب کی تقریر پر کرارا جواب دیتے ہوئے کہا بھارت نے آج تک سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل نہیں کیا۔ بھارت نے زیر قبضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی جاری رکھی ہوئی ہے، جموں وکشمیر بھارت کا کبھی حصہ نہیں رہا، یہ متنازعہ خطہ ہے اور بھارت مقبوضہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کا پابند ہے۔ محمد راشد نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گرد حملوں کے پیچھے ٹی ٹی پی اور بی ایل اے ملوث ہیں اور بھارت پاکستان میں دہشت گرد تنظیموں کا سہولت کار ہے۔ آرمی پبلک سکول پر حملے میں بھارتی ایجنسیوں کے ملوث ہونے کے ثبوت موجود ہیں۔ پاکستان نے اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بچوں کے مصائب پر توجہ دے کیونکہ بھارتی قابض افواج بچوں کے خلاف خوفناک جرائم کا ارتکاب کر رہی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے گزشتہ روز سلامتی کونسل میں ’’بچے اور مسلح تنازعات‘‘ کے موضوع پر سالانہ بحث کے دوران بتایا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بچوں اور نوجوانوں کو روزانہ گرفتار کیا جاتا ہے اور انہیں تشدد اور ناروا سلوک کا نشانہ بنایا جاتا ہے تاکہ خفیہ معلومات کے حصول کے ساتھ ساتھ حق خود ارادیت کے لئے جدو جہد کرنے والے گروپوں سے تعلق کا جبراً اعتراف کرا سکیں جس کا سلامتی کونسل نے اپنی قراردادوں میں کشمیریوں سے وعدہ کر رکھا ہے۔ قبل ازیں بچوں اور مسلح تنازعات سے متعلق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی خصوصی نمائندہ ورجینیا گیمبا نے رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال کے دوران بچوں کی زیادہ تعداد کو بدسلوکی کا نشانہ بنایا گیا۔ پاکستانی مندوب منیر اکرم کے ان ریمارکس کے بعد اقوام متحدہ میں بھارت کے ڈیلیگیٹ اشیش شرما نے دعوی کیا کہ جموں و کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے اور ہمیشہ رہے گا اور یہ بھارت کا ناقابل تقسیم حصہ ہے۔ پاکستان کے ڈیلیگیٹ محمد راشد نے بھارتی دعوے کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر بھارت کا حصہ نہیں ہے اور نہ کبھی تھا۔ انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر پر سلامتی کونسل نے اپنی تمام قراردادوں میں فیصلہ کیا کہ کشمیر کے حتمی فیصلے کا تعین اس کے عوام اقوام متحدہ کی زیر نگرانی استصواب رائے کے ذریعے کریں گے اور بھارت نے سلامتی کونسل کے اس فیصلے کو قبول کیا ہے اور وہ اس پر عمل کرنے کا پابند ہے۔ پاکستان کے پاس اس بات کے ٹھوس شواہد موجود ہیں کہ بھارتی ایجنسیاں دہشت گرد تنظیموں کو مالی معاونت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی بھی کررہی ہیں اور بھارت اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے خلاف دہشت گردی کی سرپرستی کی ہے۔