پی پی 7راولپنڈی میں دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد، 19کامیاب ارکان کے نو ٹیفکیشن جاری
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ این این آئی) الیکشن کمیشن نے صوبائی اسمبلی پنجاب کے 19 نو منتخب ارکان کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ ترجمان الیکشن کمشن کے مطابق الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کی 19 نشستوں پر کامیاب ہونے والے اراکین پنجاب اسمبلی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جبکہ پی پی 07 راولپنڈی کا کیس لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے حکم پر الیکشن کمیشن میں زیر سماعت ہے۔ دوسری طرف الیکشن کمیشن نے پی پی 7راولپنڈی میں دوبارہ گنتی کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔ الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے امیدوار شبیر اعوان کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کردی۔ چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار دوبارہ گنتی کیلئے خاطر خواہ ثبوت فراہم نہیں کر سکا۔ پی ٹی آئی امیدوار نے الیکشن کمیشن سے 21پولنگ سٹیشن پر دوبارہ گنتی کی استدعا کی تھی۔