دروپدی مرمو قبائلی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی پہلی بھارتی صدر منتخب
نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ) حکومتی اتحادی جماعتوں کی امیدوار دروپدی مرمو قبائلی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی بھارت کی پہلی صدر منتخب ہو گئیں۔ صدارتی امیدواروں میں حکومتی اتحادی جماعتوں کی امیدوار دروپدی مرمو کا مقابلہ اپوزیشن کے امیدوار یشونت سنہا سے تھا جس کے لیے ووٹنگ 18 جولائی کو ہوئی۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر کے انتخاب کے لئے ووٹوں کی گنتی گزشتہ روز ہوئی۔ جس میں دروپدی مرمو کو 50 فیصد سے زائد ووٹ ملے جس کے بعد وہ بھارت کی پندرہویں صدر منتخب ہو گئیں۔ اطلاعات کے مطابق مخالف امیدوار یشونت سنہا نے دروپدی مرمو کو جیت پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے وہ بطور صدر آئین کی محافظ بن کر بلاخوف کام کریں گی۔ واضح رہے کہ بھارت کے پندرہویں صدر کی حلف برداری 25 جولائی کو ہو گی۔