• news

آفتاب سلطان چیئر مین نیب مقرر، پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کور یڈورکی منظوری 


اسلام آباد  (نمائندہ  خصوصی)  وزیراعظم کی صدارت میں وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پولیس سروس آف پاکستان کے ریٹائرڈ آفیسر آفتاب سلطان کی بطور چیئرمین تعیناتی کی منظوری دے دی گئی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ چیئرمین نیب کی تقرری کی مدت 3 سال کردی گئی ہے۔ چیئرمین نیب کی تعیناتی قومی اسمبلی میں لیڈر آف ہاؤس اور لیڈر آف اپوزیشن کی مشاورت سے کی جاتی ہے۔ وفاقی کابینہ نے وزارت بین الصوبائی رابطہ کی سفارش پر چیئرمین فیڈرل لینڈز کمشن بابر یعقوب فتح محمد کا استعفیٰ منظور کرنے کی منظوری دے دی۔ نئے چیئرمین  فیڈرل لینڈز کمیشن کی تعیناتی کا فیصلہ کابینہ کمیٹی کرے گی۔ وزیراعظم نے لاہور سے ویڈیو لنک کے ذریعے کابینہ اجلاس کی صدارت کی۔ وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے وفاقی کابینہ کو امریکی ڈالر کے ریٹ میں حالیہ اضافے کے بارے میں بریفینگ دی۔ وفاقی وزیر خزانہ نے کہا  آئندہ مہینے پاکستانی روپیہ امریکی ڈالر کے مقابلے میں مستحکم ہوجائے گا۔ رواں مالی سال گزشتہ سال کی نسبت ملک میں اقتصادی ترقی کی شرح بہتر رہے گی۔ وفاقی کابینہ نے وزارت تجارت کی سفارش پر افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے لیے  ملٹی ماڈل ایئر- روڈ کوریڈور ، پاکستان اور ترکیہ کے مابین ٹریڈ ان گڈز معاہدے پر دستخط کرنے کی منظوری دے دی۔  معاہدے سے پاکستان اور ترکیہ کے مابین دو طرفہ تجارت کا حجم بڑھ کر 5 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گا۔ افغانستان میں پاکستانی ہسپتالوں کے آپریشنز، دیکھ بھال، سامان کی فراہمی اور سٹاف کی تنخواہوں کے حوالے سے افغانستان کی حکومت کو فنڈز کی منتقلی، اقتصادی رابطہ کمیٹی کے  فیصلوں کی توثیق کردی۔ چین سے یوریا کھاد کی درآمد، اور گندم کی درآمد کی منطوری شامل ہے۔ کابینہ کمیٹی برائے امور قانون سازی کے 20 جولائی کے فیصلے کی توثیق۔ وزیراعظم  نے  سٹیٹ بینک آف پاکستان کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے لیے تجویز کیے گئے ناموں پر کابینہ کمیٹی بنانے کی ہدایت کردی۔ بعد ازاں وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے  وزیر دفاع خواجہ آصف کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا  آئندہ ماہ سے  روپے کی قدر بھی مستحکم ہونا شروع ہو جائے گی۔ سٹیٹ بینک کا گورنر بھی آئندہ  ہفتے نامزد کر دیا جائے گا جبکہ اس کے بورڈ کا نوٹیفیکشن بھی جاری کر رہے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قدر میں اضافہ معاشی نہیں بلکہ سیاسی وجوہات سے ہوا ہے، آنے والے دنوں میں سیاسی صورتحال بہتر ہونے کے ساتھ روپے کی قدر میں استحکام آئے گا، معیشت اس وقت بہتر سمت میں چل رہی ہے۔ ملک میں سیاسی استحکام کے ساتھ ہی سب کچھ نارمل ہو جائے گا۔پاکستان میں عام طور پر ڈیزل کا 7سے 8دن کا سٹاک موجود ہوتا ہے لیکن اللہ کے فضل سے اس وقت ملک میں 60دن کا ڈیزل اور رواں سیزن کے لئے فرنس ائل موجود ہونے سے آنے والے دنوں میں فیول امپورٹ بل میں کمی متوقع ہے۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کی حالیہ تاریخ میں سب سے زیادہ شفاف الیکشن پر کسی نے انگلی نہیں اٹھائی۔ مریم نواز کے بھرپور جلسوں کی بدولت پاکستان مسلم لیگ ن نے اپنی شناخت بنائی، ضمنی الیکشن میں ن لیگ نے 5 سیٹیں حاصل کیں اور دو لاکھ زائد ووٹ حاصل کیے، پنجاب میں ن لیگ کا بیانیہ مسترد نہیں ہوا۔ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ پنجاب میں 20 سیٹیوں میں سے 7 سیٹوں پر ہمارے امیدوار ہی نہیں تھے۔ 2018 کے الیکشن کے بعد ان ضمنی الیکشن میں 2 لاکھ ووٹ زائد لئے ہیں، ان ضمنی الیکشن میں ان 20 سیٹوں میں سے 5 سیٹیں ہم حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ ہمارے ووٹ اور سیٹیں بڑھیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ووٹوں کی خریدو فروخت کیلئے ہوائی جہاز اڑائے گئے اور لوگوں کے گلے میں پٹے پہنائے گئے اور اسکے بعد کہا گیا کہ پرویز الہی پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو ہے، اب اس ڈاکو کو پی ٹی آئی حکومت دے رہی ہے، اپنے 178 اراکین کو فروخت کیا جارہا ہے۔  انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ن لیگ کا بیانیہ مسترد نہیں ہوا۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نئے آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے کوئی  معلومات نہیں ہیں۔نیوز کانفرنس میں ان سے جب اس بارے میں استفسار کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ’نئے ارمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے کوئی معلومات نہیں ہیں‘۔انہوں نے کہا کہ اداروں کا نیوٹرل ہونا خوش ائند ہے، کسی ادارے نے مداخلت چھوڑ دی تو ہمیں خوش ہونا چاہیے کیونکہ اداروں کو نیوٹرل ہوکر آئین کی حدود میں واپس آنا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن