• news

وزیر اعظم پی سی بی کی کھیل دشمنیوں کا نوٹس لیں : ملک ذوالفقار

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ گورننگ بورڈ کے سابق رکن اور سیالکوٹ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق صدر ملک ذوالفقار نے کہا ہے کہ وزیراعظم میاں شہباز شریف پاکستان کرکٹ بورڈ کی کھیل دشمن پالیسیوں کا نوٹس لیں۔ دو ہزار اٹھارہ سے آج تک ملک میں کلب کرکٹ کو ختم کرنے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ کلب کرکٹ اصل نرسری ہے بورڈ اسے مضبوط بنانے کے بجائے ختم کرنے پر تلا ہوا ہے۔ احسان مانی اور وسیم خان کے بعد رمیز راجہ بھی اس تباہ کن پالیسی کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ ملک بھر میں کلب کرکٹ ختم ہو کر رہ گئی ہے۔ ان دنوں ملک بھر میں ہونے والی سکروٹنی بھی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے۔ موجودہ آئین غیر جمہوری ہے۔ دہائیوں سے کلب کرکٹ کون چلانے والوں کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے۔ کرکٹ آرگنائزرز نے ملک کو باصلاحیت کرکٹرز دیئے ہیں بورڈ میں بیٹھے کسی اعلیٰ افسر نے کبھی نچلی سطح پر کام نہیں کیا۔ ہم لوگ اپنی مدد آپ کے تحت کلب چلاتے ہیں اور بورڈ حکام لاکھوں تنخواہیں لینے کے باوجود کوئی کام نہیں کرتے۔ پاکستان تحریکِ انصاف کی حکومت نے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کرنے کی بنیاد رکھی موجودہ حکومت بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کے ان کھیل دشمن پالیسیوں کو آگے بڑھا رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن