ون ڈے کرکٹ کو انٹر نیشنل کیلنڈر سے ختم کر دیا جائے : وسیم اکرم
لاہور(سپورٹس رپورٹر)سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم وسیم اکرم نے کہا ہے کہ میرے خیال میں ون ڈے کرکٹ کو اب انٹرنیشنل کیلنڈر سے ختم کر دینا چاہیے۔ کرکٹ حکام کو 50 اوورز کے میچز ختم کرنے پر غور کرنا چاہیے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ بحیثیت کمنٹیٹر بھی مجھے اب ون ڈے کرکٹ طویل لگتی ہے، ٹی ٹونٹی کھیل آسان ہے چار گھنٹے میں کھیل ختم ہوجاتا ہے۔ اب ہر طرف لیگز ہو رہی ہیں اور اس میں پیسہ بھی بہت ہے، اب صرف ٹیسٹ اور ٹی ٹونٹی کرکٹ ہے، ون ڈے کرکٹ ختم ہو رہی ہے۔ کھلاڑی چھوٹے فارمیٹ ٹی ٹونٹی اور بڑے فارمیٹ ٹیسٹ پر فوکس کر رہے ہیں، ٹی ٹونٹی کے بعد اب ایسا لگتا ہے جیسے ون ڈے میچ کئی دنوں تک ہو رہا ہے۔ انگلینڈ میں ہائوس فل ہوتا ہے پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا اور جنوبی افریقہ میں ون ڈے میچز کے دوران سٹیڈیمز فل نہیں ہوتے۔ ون ڈے کرکٹ ایک طریقہ کار کے مطابق ہو رہی ہے میچز بس اب کرانے کی حد تک ہیں۔ٹیسٹ کرکٹ میں جنگ رہتی ہے ون ڈے کرکٹ میں پہلے دلچسپی ہوتی تھی، ٹیسٹ کرکٹ ایسا فارمیٹ ہے، جہاں سے آپ ورلڈ الیون میں منتخب ہوتے ہیں۔وسیم اکرم نے ون ڈے کرکٹ سے بین سٹوکس کی ریٹائرمنٹ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ون ڈے کرکٹ سے ان کا ریٹائر ہونا افسوسناک ہے لیکن میں ان سے متفق ہوں۔