نیپرانے بجلی 7.91روپے یونٹ مہنگی کرنے کا فیصلہ د یدیا، کراچی کیلئے 3.55روپے اضا فہ
اسلام آباد ( نامہ نگار) نیشنل الیکٹرک اینڈ پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی مہنگی کرنے کی حکومتی درخواست منظور کرلی ہے۔ نیپرا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یکساں ٹیرف کے حوالے سے وفاقی حکومت کی جانب سے دائر درخواست پر فیصلہ جاری کیا گیا۔ اتھارٹی نے وفاقی حکومت کی درخواست کو منظور کر لیا۔ بنیادی ٹیرف میں 7 روپے 91 پیسے فی یونٹ کو 3 مراحل میں اضافے کی منظوری دی گئی۔ اعلامیہ کے مطابق اضافہ جولائی، اگست، ستمبر اور اکتوبر سے لاگو ہو گا۔ لائف لائن اور پروٹیکٹڈ صارفین پر اضافہ لاگو نہیں ہوگا۔ فیصلے کا اطلاق وفاقی حکومت کے نوٹیفکیشن کے بعد ہوگا۔ دوسری جانب کراچی کے صارفین کیلئے فی یونٹ بجلی مزید 3 روپے 55 پیسے مہنگی کردی گئی۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کی درخواست پر فیصلہ جاری کردیا۔ نیپرا کا کہنا ہے کہ بجلی جنوری سے مارچ 2022ء کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت مہنگی کی گئی ہے اور یہ فیصلہ وفاقی حکومت کو بجھوا دیا گیا ہے۔ نیپرا کے مطابق بجلی کی قیمت میں اضافے کا اطلاق وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد ہوگا، بجلی کی قیمت میں اضافے کا اطلاق لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔