فیصل شا ہکار نئے آئی جی پنجاب ، رائو سردار ریلوے پو لیس کے سر براہ مقرر
اسلام آباد‘ لاہور (نمائندہ خصوصی+ وقائع نگار) وفاقی حکومت نے 22گریڈ کے افسر فیصل شاہکار کو انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی) پنجاب کے عہدے پر تعینات کردیا جبکہ راؤ سردار کو پاکستان ریلوے پولیس میں آئی جی تعینات کردیا گیا۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق فیصل شاہکار، پاکستان ریلوے پولیس میں بطور آئی جی خدمات انجام دے رہے ہیں، انہیں پنجاب کا نیا آئی جی تعینات کر دیا گیا ہے جس کا نفاذ فوری طور پر ہوگا۔ فیصل شاہکار پاکستان پولیس سروس کے گریڈ 22کے افسر ہیں، ان کا تعلق سولہویں کامن سے ہے، فیصل شاہکار نے 1988میں بطور اے ایس پی پاکستان پولیس سروس میں شمولیت اختیار کی تھی۔ فیصل شاہکار نے لگ بھگ تین برس ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ کے عہدے پر خدمات انجام دیں۔ فیصل شاہکار ساہیوال اور گوجرانوالہ میں ریجنل پولیس افسر کے عہدوں پر بھی تعینات رہے۔ اسی طرح فیصل شاہکار تین بار اقوام متحدہ مشن پر بوسنیا اور لائبیریا سمیت دیگر ممالک میں بھی فرائض ادا کر چکے ہیں۔ وہ لاہور، شیخوپورہ، ساہیوال، ملتان، پاکپتن، ٹوبہ ٹیک سنگھ، تھرپارکر، ننکانہ اور گوجرانوالہ میں اہم عہدوں پر تعینات رہ چکے ہیں۔ فیصل شاہکار اے آئی جی آپریشنز، سنٹرل پولیس آفس لاہور میں بھی فرائض ادا کر چکے ہیں۔ وہ ڈی آئی جی پولیٹیکل سپیشل برانچ کے عہدے پر بھی دو برس تعینات رہے ہیں۔ فیصل شاہکار نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اسلام آباد اور ڈی آئی جی ویلفیئر پنجاب کے عہدے پر بھی خدمات انجام دیں۔ فیصل شاہکار ان دنوں وفاق میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ فیصل شاہکار کو ملکی و عالمی سطح پر اہم عہدوں پر فرائض کی ادائیگی کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔ فیصل شاہکار کا شمار پاکستان پولیس کے انتہائی پیشہ ورانہ، فرض شناس اور تجربہ کار پولیس افسران میں ہوتا ہے۔