• news

مینڈ یٹ ذبح کیا گیا ، ساری نظریں عدلیہ پر عمران کی کال پر مظاہرے 


اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے خلاف آج رات ہی احتجاج کی کال دے دی۔ عوام سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ جمہوریت کی ایک بنیاد اخلاقیات ہوتی ہے اور آج پنجاب اسمبلی میں جو ہوا اس پر حیران ہوں۔ پارلیمنٹ کی فوج نہیں ہوتی۔ ہم نے پہلے سندھ ہاؤس میں  اور آج  بھی تماشا دیکھا۔ سندھ ہاؤس میں بھیڑ بکریوں کی طرح ارکان اسمبلی کی بولیاں لگیں۔ آصف زرداری 30 سال سے ملک کو لوٹ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ آج وزیراعلیٰ کا انتخاب تھا اور رات کو ضمیروں کا سوداگر پہنچا، آصف زرداری چوری کے پیسے سے جمہوریت کا جنازہ نکالتا ہے، رات سے ہی ہمیں پتا چل گیا تھا کہ آصف زرداری کوئی گیم چلا رہا ہے، ہمیں پتا تھا کہ اس نے کوئی گیم کرنی ہے، آج جو ہوا میں حیرت میں تھا کہ یہ انہوں نے کیا کیا؟ یہ سیاستدان نہیں یہ مافیا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شجاعت کا تو خط ہی مؤثر نہیں، فیصلہ پارلیمانی لیڈر کا ہوتا ہے، میں نے بھی جو خط لکھا تھا وہ رد ہوا پھر پارلیمانی لیڈر نے خط لکھا۔ عمران خان نے عوام سے آج رات ہی احتجاج کی اپیل کی کہ آج قوم کو پرامن احتجاج کرنا چاہیے، آپ نے بتانا ہے ہم انسان ہیں بھیڑ بکریاں نہیں، سب اپنا احتجاج رجسٹرڈ کریں۔ ان کا کہنا تھاکہ ق لیگ کے پارلیمانی سربراہ چوہدری شجاعت نہیں، وہ پارٹی قائد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے روپیہ گرتا جائے گا ان کی دولت میں اضافہ ہوتا جائے گا، ان کی دولت تو باہر ڈالر میں پڑی ہے، ڈاکوؤں کو چوری کے پیسے سے اپنا مینڈیٹ چوری کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اب ساری نظریں عدلیہ کی طرف ہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن