• news

عسکری قیادت کا اجلاس ، ہر طرح کے خطرات سے نمٹنے کیلئے مسلح افواج کے عزم کا اعادہ


اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کی زیر صدارت سروسز چیفس کے اجلاس میں ملکی دفاع اور سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کی زیر صدارت سروسز چیفس کے اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، نیول چیف اور ائیر چیف نے شرکت کی۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فورم کو  قومی سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ فورم نے سٹرٹیجک اور روایتی پالیسیوں سے متعلق پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فورم نے خطے میں پائیدار ترقی کیلئے افغانستان میں امن کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا جبکہ مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے دفاعی افواج کی تیاریوں پر مکمل اطمینان اور اعتماد کا اظہار کیا اور ہرطرح کے خطرات سے نمٹنے کیلئے مسلح افواج کے عزم کا اعادہ کیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فورم نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں سکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو سراہا۔

ای پیپر-دی نیشن