نبی پاکؐ کے فرامین کی اتباع کرنیوالا ہی عاشق ِ رسول ہے : مولانا فضل الرحمن بن محمد
لاہور ( خصوصی نامہ نگار ) انجمن اہلحدیث لاہور کے صدر اور جامع محمدی سنت نگر فردوس پارک کے خطیب مولانا فضل الرحمن بن محمد نے کہا ہے کہ اس دور میں ہر مسلمان خود کو عاشق ِ رسول کہتا ہے لیکن اس عشق کا تقاضا ہے کہ خو د کو آپ کے فرامین کی اتباع کرنے والا ثابت کرے۔ ایمان کا تقاضا ہے کہ جذبہ محبت رسولؐ سرشار ہو اس کے عملی اظہار کیلئے آپ کی سنتوں پر عمل پیرا ہونا شرط ہے کہ جس سے محبت کی جاتی ہے اس کی ہر ہر بات کی تو ثیق اور عمل کیا جاتا ہے۔ جسے دنیا میں یہ نعمت مل گئی اس کیلئے دنیا جنت بن گئی۔ جس نے آپؐ کی اسوہِ حسنہ کو اپنا کر معاشرے میں عام کرنے کی سعی کی۔ اس نے خیر کو اپنا لیا۔ خود کو نبی پاکؐ کا ایسا نمونہ ظاہر کرے کہ غیر مسلم بھی پکار اٹھیں کہ آپ صرف مسلمانوں کے ہی خیر خواہ نہیں ہمارے بھی ہیں کہ دنیا میں امن و سلامتی ہماری بھی معاشرتی ضرورت ہے۔ آئیے زندگی کے ہر عمل کو سرکارِ دو جہاں کی ہدایات اور فرامین کے مطابق بنائیں اور یہی روز قیامت آپ کی قربت کا ذریعہ بنے گی۔ ہمیں سوچنا چاہیے کہ ہم حبِ رسولؐ کے پیمانے پر پورا اترنے کی کوشش کریں۔