ایسی سیا ست ہی کرنی ہے تو الیکشن نہیں نیلامی ہونی چا ہئے
لاہور(نیوزرپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا الیکشن نہیں نیلامی ہوئی۔ ایسی سیاست ہی کرنی ہے تو پھر الیکشن نہیں نیلامی ہونی چاہیے۔ ملک زرداری سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ڈپٹی سپیکر نے عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا۔ سیاسی اخلاقیات کا جنازہ نکالا، آئین کو پامال کیا۔ انہوں نے کہا کی چودھری شجاعت بیمار ہیں‘ ان کی فیصلہ کرنے کی صلاحیت محدود ہے۔سابق وزیر اطلاعات نے اس موقع پر سوال اٹھایا کہ چودھری شجاعت کا خط ڈپٹی سپیکر کی جیب سے کیسے نکل آیا ؟ سپریم کورٹ کو ڈپٹی سپیکر کو توہین عدالت میں طلب کرنا چاہیے۔ چودھری شجاعت سے خط پر انگوٹھا لگوایا گیا۔ چودھری شجاعت کہتے ہیں عمران خان کا امیدوار نہیں ہونا چاہیے۔ ہمارے خدشات درست ثابت ہوئے۔ دیوالیہ پن صرف معیشت کا نہیں سیاست کا بھی ہے، عوام بھرپور احتجاج کیلئے تیار ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آصف زرداری نے آئین اور جمہوری قدروں سے کھیل کھیلا۔ رولنگ کا کوئی جواز نہ آئین میں اس کی گنجائش ہے۔ یہ گرتے ہوئے نظام کی آخری کوشش ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہمارا کوئی پلان بی نہیں ہے۔ توقع ہے سپریم کورٹ انصاف فراہم کرے گی۔ اسد عمر نے کہا ہے کہ عمران خان عدالتی فیصلے کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل کے فیصلے عوام کی خواہشات کے مطابق ہونے چاہئیں۔ اسد عمر نے کہا کہ عوام کے فیصلے بند کمروں میں بیٹھ کر نہیں ہونے چاہئیں۔ ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کی آئین میں کوئی گنجائش نہیں۔ پورے پاکستان کو پتہ ہے کہ رولنگ آئین اور رولنگ سے متصادم ہے۔ چند طاقتور طبقے پاکستانی مستقبل کے فیصلے کرتے ہیں۔ فیصلے پاکستان کی عوام کے مطابق ہونگے‘ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے آئین کے ساتھ کھیل کھیلا گیا۔ فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پاکستان کے وزیراعظم کا مقابلہ دنیا کے وزرائے اعظموں سے لگایا جائے تو یہ نالائق اعظم ثابت ہوگا۔ جعلی وزیراعلیٰ کو الیکشن میں شکست ہو گئی۔ اراکین اسمبلی کے ووٹوں کی بجائے چودھری شجاعت کا خط نکال لائے۔ پاکستان کی جمہوریت لویٹرز پر نہیں چل سکتی۔ کل جیسے پاکستانی عوام بغیر کسی بریانی کے پاکستان کی سڑکوں پر نکلے‘ اس سے سائنسدانوں اور ہدایتکاروں کو اندازہ ہو جانا چاہئے تھا کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں۔ ڈپٹی سپیکر نے کل کٹھ پتلی کا کردار ادا کیا۔ (ق) لیگ کے ساجد بھٹہ کا لیٹر موجود ہے۔ عدالتی فیصلے کے بعد پرویزالٰہی ہی پنجاب کا وزیراعلیٰ ہوگا۔