• news

وزیر اعلی کے انتخاب میں خریدو فروخت کا تحریک انصاف کا بیا نیہ جھو ٹا تھا: رانا 


لاہور (نیوز رپورٹر)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نوجوان نسل کو گمراہ کر رہی ہے، ہمیں ان کی مثبت ذہن سازی کرنی ہے،معاشرے میں امن و استحکام کیلئے عدالتوں کا احترام ضروری ہے اور مسلم لیگ ن نے ہمیشہ عدالتی فیصلوں کا احترام کیا ہے، عمران خان ضمنی الیکشن جیت کر بھی اداروں پر الزام تراشی کر رہے ہیں، کسی کو امن وامان کی صورتحال خراب کرنے کا حق نہیں، انتشار پھیلانے والوں کے خلاف سختی سے نمٹنا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ہم عدلیہ سمیت تمام اداروں کا احترام کرتے ہیں مگر گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کے سامنے جو بدامنی کا مظاہرہ کیا گیا اور دیواریں پھلانگی گئیں ،اس سے سپریم کورٹ کی بلڈنگ کی توہین ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عدلیہ سمیت تمام اداروں کا احترام کرتی ہے اور ہماری چیف جسٹس آف پاکستان سے گزارش ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے سیاسی مقدمات کی شنوائی کیلئے سپریم کورٹ کا فل بینچ تشکیل دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کیخلاف الیکشن کمیشن میں فارن فنڈنگ کا فیصلہ طویل عرصہ سے زیر التوا ہے ،ہمارا مطالبہ ہے کہ الیکشن کمیشن  فوری طور پر اس فیصلے کو  جاری کرے۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے گزشتہ چند دنوں سے منفی پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے کہ وزیر اعلی کے انتخاب میں پیسوں سے خرید وفروخت کی گئی اور چالیس، چالیس کروڑ روپے تک پیسے دیئے گئے ہیں ،یہ تحریک انصاف کا جھوٹا بیانیہ تھا اور انہوں نے قوم کو گمراہ کیا ہے، اب میں ان سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ وہ بتائیں کہ کس نے پیسے دیئے اور کس نے لئے ۔انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین ہم سب کیلئے قابل احترام ہیں اور ہم ان کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے خلاف عمران خان نے غیر پارلیمانی زبان استعمال کی ہے جو انتہائی افسوسناک ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے سپریم کورٹ کی طرف سے دیئے گئے حکم کی تعمیل کی اور پنجاب اسمبلی میں ضمنی انتخاب کے بعد دوبارہ ووٹ کرائے جس میں ڈپٹی سپیکر کے فیصلے کے مطابق حمزہ شہباز کو 176 کے مقابلے میں 179 ووٹ ملے اور وہ پنجاب کے وزیر اعلی منتخب ہوئے۔رانا ثنا اللہ نے کہاکہ 63 اے کے فیصلہ پر رائے دینا میرا حق ہے کیونکہ ہم اس فیصلہ سے متاثر ہوئے، 25 اراکین نا اہل ہوئے اور پنجاب میں 20 نشتوں پر ضمنی انتخابات ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ 63 اے کی ہی وجہ سے حمزہ شہباز کو دوبارہ انتخابات کی طرف جانا پڑا ہے،اب اگر اسی فیصلہ سے دوسری پارٹی متاثر ہورہی ہے تو اس کی کوئی اور تشریح نہیں کی جاسکتی ہے۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ملک میں کسی کو بدامنی پھیلانے کی اجازت نہیں ہے جو بھی انتشار پھیلائے گا اس کے خلاف سختی سے نمٹا جائے گا،اس حوالے سے ہم نے ایف سی اور رینجر کو الرٹ کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان جھوٹ بول کر پوری قوم اور خاص طور پر نوجوان نسل کے ذہنوں کو خراب کر رہے ہیں، ہمیں نوجوان نسل کی دوبارہ ذہن سازی کرنی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن