• news

خطرات سے نمٹنے کیلئے  مسلح افواج کے عزم کا اعادہ


چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کی زیر صدارت سروسز چیفس کے اجلاس میں ملکی دفاع اور سکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق مذکورہ اجلاس میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، نیول چیف ایڈمرل امجد خان نیازی اور ایئر چیف ایئر مارشل ظہیر احمد بابر نے شرکت کی۔ اجلاس میں قومی سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر سٹرٹیجک اور روائتی پالیسیوں سے متعلق پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے خطے میں پائیدار ترقی کے لئے افغانستان میں امن کی اہمیت پر بات چیت کی جبکہ مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔ پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ کے ذرائع نے بتایا کہ فورم نے دفاعی افواج کی تیاریوں پر مکمل اطمینان اور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ہر طرح کے خطرات سے نمٹنے کے لئے مسلح افواج کے عزم کا اعاد کیا اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو سراہا۔
 پاکستان اس وقت اندرونی خلفشار اور بیرونی طور پر مختلف چیلنجز سے دوچار ہے۔ آج اگر ملک میں دہشتگردی کے واقعات رک چکے ہیں اور تخریبی کارروائیاں نہیں ہو رہیں جو ماضی میں ہمارے لئے سوہان روح بنی ہوئی تھیں تو اس کے پیچھے ہماری مسلح افواج کی وہ بے پایاں جانی و مالی قربانیاں ہیں جو انہوں نے ملک کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے قلع قمع کے لئے دیں اور جس کے نتیجے میں اس عفریت سے بہت حد تک نجات مل چکی ہے۔ لیکن اس کے باوجود ملکی سرحدوں پر بھارت اور افغانستان سمیت دیگر ہمسایہ ممالک کے حوالے سے جس قسم کی صورتحال درپیش ہے۔ اس سے نمٹنے کے لئے مسلح افواج کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے جو ملک کی سرحدوں کی حفاظت کے لئے پوری طرح مستعد ہیں اور خدا کے فضل سے ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ جوائنٹ چیفس اور سٹاف کمیٹی کے اجلاس میں بھی ملکی دفاعی صورتحال پر غور و خوض کرتے ہوئے اس پر اس حوالے سے جس اطمینان کا اظہارکیا گیا ہے وہ پوری قوم کے لیے بھی اطمینان کا باعث ہے۔ قوم کو اپنی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور اہلیت پر پورا اعتماد ہے۔ ماضی میں بھی وہ قوم کی امیدوں پر پورا اترتی رہی ہیں اور انشاء اﷲ آئندہ بھی وہ قوم کی توقعات پر پورا اتریں گی۔

ای پیپر-دی نیشن