آئینی معاملات فل کورٹ بنچ سنے‘ احسن بھون‘ 5 سابق صدور سپریم کورٹ بار
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) سپریم کورٹ بار کے 5 سابق صدور نے چیف جسٹس پاکستان سے اہم آئینی معاملات پر نظرثانی کی درخواست فل کورٹ بنچ کو بھیجنے کا مطالبہ کیا ہے۔ سپریم کورٹ بار کے 5 سابق صدور کی جانب سے چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ بار کی نظرثانی درخواست فل کورٹ میں بھجوائی جائے۔ سابق صدور سپریم کورٹ بار نے مزید کہا ہے کہ اہم ترین آئینی مقدمات کا تمام فریقین کو سن کر ایک ساتھ فیصلہ کیا جائے۔ دریں اثناء صدر سپریم کورٹ بار احسن بھون نے آرٹیکل 63 اے پر ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ کے معاملے پر چیف جسٹس پاکستان سے فل کورٹ بنانے کا مطالبہ کر دیا۔ صدر سپریم کورٹ بار نے کہا کہ سپریم کورٹ میں پہلے ہی بار ایسوسی ایشن کی پٹیشن موجود ہے یہ بہترین وقت ہے عوامی مفاد میں بار کی پٹیشن کو سنا جائے۔ سپریم کورٹ آرٹیکل 63 اے کی تشریح سے متعلق درخواست پر فل کورٹ سماعت کرے۔ سپریم کورٹ نے آرٹیکل 63 اے کے خلاف نظرثانی اپیل مقرر کر کے سنی ہوتی تو یہ ابہام پیدا نہ ہوتا۔ آرٹیکل 63 اے پر رائے پورے بنچ کے اتفاق رائے پر مبنی نہیں تھی۔ آرٹیکل 63 اے پر مزید وضاحت ضروری ہے۔