• news

کرونا مزید 4 جانیں لے گیا ، 179 مریضوں کی حالت تشویشناک ، لاہور میں شرح 7.47 فیصد

اسلام آباد، پشاور، بیجنگ (خبر نگار+ آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) کرونا کیسز میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گزشتہ روز ملک بھر میں کرونا مزید 4 جانیں لے گیا جبکہ 179 مریضوں کی حال تشویشناک ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں لاہور متاثر ترین شہر کے طور پر سامنے آیا۔ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر (این سی او سی)کے مطابق کرونا وائرس کے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 19 ہزار 402 ٹیسٹ کئے گئے۔ ملک میں کرونا کے 532 مریض رپورٹ ہوئے۔ کرونا کے مثبت کیسز کی شرح 2.74  فیصد ریکارڈ کی گئی۔ ملک بھرمیں کرونا وائرس کے 179 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ گزشتہ 24  گھنٹوں میں کرونا سے 3 افراد کا انتقال ہوا۔ انتقال کرنے والوں میں دو افراد کا تعلق سندھ جبکہ ایک شخص کا تعلق اسلام آباد سے ہے، مرنے والے چوتھے شخص کا تعلق خیبرپی کے سے ہے۔ این سی او سی کے مطابق ملک میں کرونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز لاہور سے رپورٹ ہوئے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں لاہور میں کرونا کے مثبت کیسز کی شرح 7.47 فیصد تک جا پہنچی۔ فیصل آباد میں 6.86 فیصد جبکہ صوابی میں 6.38 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ ایبٹ آباد میں کرونا کی شرح 5.23فیصد، اسلام آباد میں 4.16 جبکہ ملتان میں 4.00 ریکارڈ کی گئی۔ حیدرآباد میں کرونا کے مثبت کیسز کی شرح 3.50 جبکہ پنڈی میں 3.45 اور پشاور میں 3.01 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ خیبر پختونخوا محکمہ صحت کے ترجمان کے مطابق گزشتہ 24گھنٹے کے دوران ایک شخص جاں بحق ہوا، سب سے زیادہ 18 کیسز پشاور میں رپورٹ ہوئے۔ ایبٹ آباد میں 9، مہمند، ملاکنڈ 8،8، مردان 5، مانسہرہ اور صوابی میں 3،3 کیسز رپورٹ ہوئی۔ صوبے میں کرونا کے فعال کیسز کی تعداد 501 ہو گئی۔ چین کے صدر شی جن پنگ اور دیگر اعلیٰ شخصیات کو مقامی سطح پر تیار کردہ کووڈ ویکسین لگا دی گئی۔ تاہم برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق چینی حکام کی جانب سے اس خبر کو عوامی سطح پر جاری کرنے کا مقصد ملک میں کرونا کیسز کی شرح میں اضافے کے باعث بوسٹر ڈوز کی مہم کو فروغ دینا ہے۔ دنیا بھر میں کرونا کیسز کے حوالے سے امریکہ 9 کروڑ3 لاکھ  90 ہزار 185 مصدقہ کیسز کے ساتھ سرفہرست ہے۔ جبکہ بھارت 4 کروڑ38 لاکھ 88 ہزار 755 مصدقہ کیسز کے ساتھ دوسرے اور فرانس 3 کروڑ 36 لاکھ  21ہزار 366  مصدقہ کیسز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن