کولگام میں فوجیوں کی گھر گھر تلاشی ، بارودی سرنگ پٹھنے سے لڑکا شدید زخمی
سری نگر(کے پی آئی)بھارتی فوجیوں نے ضلع کولگام کے علاقے رامپورہ میں محاصرے اورتلاشی کی کارروائی شروع کردی۔فوجیوں نے علاقے کے تمام داخلی اورخارجی راستوں کو بند کردیا اورگھرگھر تلاشی کی کارروائی شروع کردی ۔ قابض حکام نے علاقے میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی۔ آخری اطلاعات آنے تک علاقے میں فوجی آپریشن جاری تھا۔ مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیر اعلی اورنیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ کو جموں و کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن میں مالی بے ضابطگیوں سے متعلق کیس میں سرینگر کی ایک عدالت نے طلب کرلیاہے۔پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سرینگر نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے جموں و کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن میں منی لانڈرنگ کے کیس میں فاروق عبداللہ اور دیگر کے خلاف درج کی گئی شکایت پر 27اگست کو طلب کیا۔علاوہ ازیں مقبوضہ ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول پر بارودی سرنگ کے دھماکے میں12 سالہ لڑکا شدید زخمی ہو گیا ہے۔ رضوان خان کو علاج کیلئے ضلع ہسپتال پونچھ منتقل کیا گیا ہے۔حکام کے مطابق لڑکا اپنے مویشی چرانے کیلئے لے گیاتھا جب اس نے اینٹی پرسنل بارودی سرنگ پر قدم رکھا جو پھٹ گیا اور لڑکا زخمی ہو گیا۔زخمی کو اب ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور اسے ابتدائی طبی امداد دی جا رہی ہے جبکہ اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظربند وائس چیئرمین اور جموں کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے صدرشبیر احمد شاہ نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ قابض بھارتی فورسزکی طرف سے کشمیریوں کے خلاف جاری جنگی جرائم کا موثر نوٹس لیں۔ انہوں نے عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میںبھارتی فورسز کے ہاتھوں بے گناہ کشمیریوں کی خونریزی روکنے کے لیے اپناکردار ادا کرے۔ شبیر احمد شاہ نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے ایک پیغام میں مقبوضہ علاقے کی سنگین صورتحال پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوجیوں کی طرف سے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ حریت رہنما نے کہا کہ یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے کہ کشمیری نوجوانوں کو بغیر کسی وجہ کے بھارتی فورسز کے ہاتھوں قتل کیا جا رہا ہے۔