100 گنڈے عمران صاحب کا مقدر ، آئین کیساتھ کھلواڑ نہیں کرنے دینگے : مریم اورنگزیب
اسلام آباد (نامہ نگار) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ''100گنڈے اور 100چھتر'' اب عمران صاحب کا مقدر ہیں، اداروں کو گالی دھمکی دینے والا اداروں کا ٹھیکیدار نہ بنے، عمران خان کو اقتدار میں واپسی کے لئے اسٹیبلشمنٹ اور اینٹی اسٹیبلشمنٹ کا کھیل نہیں کھیلنے دیں گے۔ فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کسی کو بھی آئین اور قانون کے ساتھ کھلواڑ نہیں کرنے دیں گے۔ عمران خان نے اعتراف کیا ہے کہ چار سال حکومت چلانے کے لئے انہوں نے اداروں اور ایجنسیوں کی مدد لی۔ انہوں نے کہا کہ دھونس، دھمکی، گالی سے انصاف کا قتل نہیں کرنے دیں گے۔ نواز شریف اور مسلم لیگ (ن)کا بیانیہ آئین کا بیانیہ ہے اور رہے گا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان فوج اور عدلیہ کو سیاست میں گھسیٹنا بند کریں، عمران خان کا نشانہ ادارے ہیں اور ان کی قیادت کو عہدوں سے اتروانا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کا بیرون ملک سازش کا بیانیہ دفن اور اسٹیبلشمنٹ اور اینٹی اسٹیبلشمنٹ کا بیانیہ شروع ہو چکا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ الیکشن کمشن فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ دے۔ انہوں نے کہا کہ عمران صاحب دھونس، دھمکی، انتشار، فساد اور غنڈہ گردی کے ذریعے فارن فنڈنگ کیس میں این آر او چاہتے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے متعلق کیس کی سماعت فل کورٹ کرے، فل کورٹ سپریم کورٹ بار کی نظرِ ثانی درخواست، موجودہ درخواست اور دیگر متعلقہ درخواستوں کی ایک ساتھ سماعت کرے۔ عمران خان کے پیدا کردہ عدم استحکام سے قومی معیشت پھر دیوالیہ پن کے خطرات سے دوچار ہو چکی ہے، اب یہ جنگ متکبر آئین شکن عمران صاحب کی فسطائیت کے خلاف ہے، پاکستان کے عوام اور اداروں کو عمران خان کی خواہشات کا غلام نہیں بننے دیں گے، جمہوری اور آئینی نظام کو دیوالیہ نہیں کرنے دیں گے۔ عمرانی سوچ اور رویہ پاکستان کے ریاستی نظام کیلئے دیمک بن چکا ہے۔ آئین، جمہوریت اور عوام کے حق حکمرانی پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔