• news

لاہور پولیس اپنے شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھتی ہے:سی سی پی او

لاہور(نامہ نگار)سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے سانحہ ارفع کریم ٹاور کی پانچویں برسی کے موقع پر جام شہادت حاصل کرنے والے پولیس افسران اوراہلکاروں کی لازوال قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس کی تاریخ ملک و قوم اور شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے دوران جانیں قربان کرنے والے بہادر اور غیور جوانوں کی داستانوں سے بھری پڑی ہے۔ سانحہ ارفع کریم ٹاور میں دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے میں لاہور پولیس میں تعینات 2 سگے کانسٹیبلز بھائیوں سمیت 8 پولیس افسران اور جوانوں نے فرض کی راہ میں شہادت کا رتبہ حاصل کیا۔ لاہور پولیس کے 2کانسٹیبلز بھائیوں غلام مرتضیٰ اور علی رضا،سب انسپکٹر ریاض احمد،اے ایس آئی فیاض احمد،کانسٹیبلز معظم علی،عابد علی،ساجد اور عمیر غنی نے شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے دوران قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ لاہور پولیس اپنے شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھتی ہے۔ پولیس شہدا کے ورثا کی دیکھ بھال اور فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح ہے جس  کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن