• news

ارشد ندیم کی ورلڈ چیمپئن شپ جیولن فائنل میں پانچویں پوزیشن

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستانی اتھلیٹ ارشد ندیم امریکی ریاست اوریگون میں ہونے والے ورلڈ چیمپئن شپ جیولن فائنل میں پانچویں پوزیشن حاصل کرکے 8 اتھلیٹس میں یہ مقام حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی اتھلیٹ بن گئے۔گریناڈا کے اتھلیٹ اینڈرسن پیٹرس نے اولمپک چیمپئن نیرج چوپڑا کو شکست دیکر عالمی جیولن ٹائٹل اپنے نام کیا جنہوں نے مقابلے میں 90.54 میٹر کے فاصلے پر جیولن پھینک کر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔اینڈرسن پیٹرس 90 میٹر کے نشان پر جیولن پھینکنے والے واحد اتھلیٹ تھے۔تاہم نیرج چوپڑا نے 88.13 میٹر کے فاصلے پر جیولن پھینک کر دوسری پوزیشن حاصل کی ۔ جمہوریہ چیک کے اتھلیٹ جیکب وڈلیچ نے 88.09 میٹر کے فاصلے پر جیولن پھینک کر کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔ ۔جرمن اتھلیٹ چوتھے نمبر رہے جبکہ پاکستانی اتھلیٹ ندیم ارشد 86.16 میٹر کے فاصلے پر جیولن پھینک کر پانچویں پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔پاکستانی اتھلیٹ ارشد ندیم ورلڈ اتھلیٹکس چیمپئن شپ میں پانچویں پوزیشن حاصل کرنے پر بھی خوش ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ انجری کے باوجود محنت اور کوشش کی جس کا نتیجہ سامنے ہے۔اس کارکردگی کے بعد کامن ویلتھ گیمز اور اسلامک سالیڈیریٹی گیمز میں میڈل حاصل کرنے کی پوری کوشش کروں گا۔

ای پیپر-دی نیشن