ایک جیسے خط‘ دو الگ الگ فیصلے‘ تشریح کیوں: مریم اورنگزیب
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سوال یہ ہے کہ فل کورٹ کیوں نہیں؟ ایک جیسے خط پر دو الگ الگ فیصلے کیوں؟۔ مسئلہ پنجاب میں کسی کی حکومت کا نہیں آئین اور انصاف کا ہے۔ منگل کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان اور چوہدری شجاعت کے ایک جیسے خطوط پر الگ الگ تشریح کیوں؟۔ آئین شکن عمران خان کے خط پر 25 منحرف ارکان کو ووٹ ڈالنے کی اجازت نہیں اور وہ ڈی سیٹ بھی ہوگئے اور ووٹ بھی نہیں گنا گیا، چوہدری شجاعت کے خط پر ووٹ دینے کی اجازت اور ووٹ شمار کیوں ہو۔ انہوں نے کہا کہ 3 اپریل کو عمران خان کے بطور پارٹی سربراہ خط کی تشریح اور 22 جولائی کو چوہدری شجاعت کے بھی بطور پارٹی سربراہ خط کی تشریح میں فرق کیوں؟۔ یہ کیسا انصاف ہے کہ عمران خان کی چٹھی حلال اور چوہدری شجاعت حسین کی حرام ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ اب پنجاب میں کسی کی حکومت کا نہیں ہے ، مسئلہ اب آئین اور انصاف کا ہے۔ دوسری جانب اپنے ٹویٹ میں مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آیئے پاکستان کی 75 ویں سالگرہ منائیں، عزم عالی شان شاد رہے پاکستان۔ پیر کو اپنے ٹویٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات نے نیشنل شارٹ فلم فیسٹیول کے حوالے سے تفصیلات بھی شیئر کیں جس کے مطابق نیشنل شارٹ فلم فیسٹیول میں بھیجی جانے والی ویڈیوز کا دورانیہ 60 سے 90 سیکنڈ ہوگا۔ نیشنل شارٹ فلم فیسٹیول کیلئے صوفی ازم، اقلیتوں، تعلیم، جمہوریت، تاریخ، عالمی امن، فلم، پاکستانی کھانوں، سیاحت، سفارت کاری، ثقافت، ورثہ، ترقی نوجوانان، بین المذاہب ہم آہنگی، خواتین کو بااختیار بنانے، موسیقی، کھیل سمیت علاقائی ثقافت کے لئے ہمارا کردار سمیت بہت سے اہم موضوعات پر مواد تیار کیا جا سکتا ہے۔ نیشنل شارٹ فلم فیسٹیول کیلئے ویڈیوز بھیجنے کی آخری تاریخ 5 اگست 2022 ہے۔ ویڈیوز بذریعہ ای میل ptv.films@ptv.com.pk پر بھجوائی جا سکتی ہیں۔ فیسٹیول میں پہلی پوزیشن کیلئے ایک لاکھ روپے، دوسری پوزیشن کیلئے 75 ہزار روپے اور تیسری پوزیشن کیلئے 50 ہزار روپے انعام رکھا گیا ہے۔