• news

یہ ہار نہیں ، جیت کی جانب اگلا قدم ہے : حمزہ 

لاہور (نیوز رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد کہا کہ فل کورٹ کی استدعا مسترد کرکے غیر جانبداری کے اصول کو نظرانداز کیا گیا ہے، یہ انصاف ہرگز نہیں۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی کا فیصلہ دے کر بعد میں پچھتاوے کا اظہار کیا گیا لیکن نقصان کی تلافی نہ ہوسکی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میری سیاست عہدوں کے لئے نہیں عوام کی خدمت کے لئے تھی، ہے اور رہے گی۔ یہ ہار نہیں بلکہ جیت کی جانب ہمارا اگلا قدم ہے۔ پورے پاکستان نے دیکھا کہ کس طرح غیر آئینی اقدامات کے ذریعے پہلے دن سے ہمیں جائز حق حکمرانی سے محروم رکھنے کی تمام کوششیں کی گئیں۔ حمزہ شہباز  نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ تمام تر مشکلات کے باوجود مختصر ترین وقت میں سستا آٹا، مفت ادویات اور مفت بجلی جیسے پروگرامز سے عوام کو ریلیف دینے کے مشن سے پیچھے نہیں ہٹا۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عوام کے ووٹوں سے منتخب حکومت پر شب خون مارا گیا‘ عدالتی کارروائی اور فیصلہ متنازع ہے۔ ہماری فل کورٹ کی استدعا کو بھی نامنظور کر کے انصاف کے تقاضے پورے نہیں کئے گئے۔ ان کا کہنا تھا جسٹس منیر اور مولوی مشتاق کی روحیں آج بھی عوام کی امنگوں پر ڈاکے ڈال رہی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن