• news

آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے : شہباز شریف 

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ خبر نگار خصوصی) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئین نے ریاستی اختیار پارلیمنٹ، انتظامیہ اور عدلیہ کی تفویض کئے ہیں۔ آئین نے تمام اداروں کو متعین حدود میں کام کرنے کا پابند کیا ہے۔ کوئی ادارہ کسی دوسرے کے اختیار میں مداخلت  نہیں کر سکتا۔ وزیراعظم نے ٹویٹ میں کہا کہ آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ پونے چار سالوں میں گندم کے ذخائر کے حوالے سے جامع منصوبہ بندی نہ ہونے پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان جیسے زرعی ملک میں گزشتہ دور حکومت میں غذائی بحران آتے رہے جو افسوس ناک ہے، گندم کی طلب اور ذخائر کیلئے جامع منصوبہ بندی نہ کرکے 22 کروڑ عوام کے ساتھ نا انصافی کی گئی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی زیرصدارت ملک میں گندم کے موجودہ ذخائر، ممکنہ طلب اور درآمد کے ٹینڈرز پر جائزہ اجلاس سے خطاب میں کیا۔  وزیراعظم نے ہدایت کی کہ گندم کی آئندہ فصل تک اجرا کے ساتھ ساتھ بفر سٹاک یقینی بنایا جائے، گندم کی درآمد کے دوران معیار اور مقدار کو یقینی بنانے کیلئے بین الاقوامی کنسلٹنٹ سے مدد لی جائے اور گندم کی خریداری میں جس حد تک ممکن ہو قیمت کو کم کروا کر ملک و قوم کا پیسہ بچایا جائے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک میں حالیہ گندم کی پیداوار کا تخمینہ 26.389 ملین میٹرک ٹن لگایا گیا جبکہ پچھلے سال کے 1.806ملین میٹرک ٹن ذخائر موجود ہیں۔30.79 ملین میٹرک ٹن کی مجموعی قومی طلب کے مقابلے میں کل ذخائر 28.199 ملین میٹرک ٹن ہیں، طلب اور ذخائر میں فرق کو ختم کرنے کیلئے حکومت نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے ذریعے بروقت گندم کی درآمد کا فیصلہ کیا۔ فیصلے کے مطابق پہلی کھیپ کے بعد دوسرے ٹینڈر میں وزیرِ اعظم کی ہدایات کی روشنی اور حکومتی کوششوں کے نتیجے میں 300000 میٹرک ٹن پر فی میٹرک ٹن 34.54 ڈالر اور مجموعی طور پر قومی خزانے کا 1 کروڑ 3 لاکھ امریکی ڈالر بچایا گیا۔ حکومت کے روس کے ساتھ معاہدے کے تحت 20 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد پر پیش رفت جاری ہے جو حتمی مراحل میں ہے۔ اجلاس کو گوادر بندرگاہ کے ذریعے گندم کی درآمد پر پیش رفت پر بھی تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ علاوہ ازیںشہباز شریف نے شیخ احمد نواف الاحمد الجابر الصباح کو کویت کا نیا وزیر اعظم مقرر ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کویت کے برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں، ہمارے تعلقات کی بنیاد مشترکہ اقدار اور مشترکہ مفادات میں ہے۔

ای پیپر-دی نیشن