پرویز الٰہی دوسری بار صوبے کے چیف ایگزیکٹو منتخب ہوئے
لاہور (نیوز رپورٹر) پنجاب کے نئے وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی دوسری بار صوبے کے چیف ایگزیکٹو منتخب ہوئے۔ پرویز الٰہی 1997ء میں صوبائی اسمبلی کے سپیکر منتخب ہوئے۔ 2002ء میں وزیراعلیٰ پنجاب بنے، 2011 میں ڈپٹی وزیراعظم کے عہدے پر فرائض انجام دئیے۔ چودھری پرویز الہٰی 1945ء کو گجرات کی جٹ فیملی میں پیدا ہوئے، ان کے والد چودھری منظور الہیٰ معروف بزنس مین تھے۔ چودھری ظہور الہٰی سیاسی میدان میں متحرک رہے، چودھری پرویز الہٰی، چودھری شجاعت حسین نے ظہور الہیٰ کی سیاسی وراثت کو آگے بڑھایا۔ پرویز الہٰی نے 1983ء میں گجرات کی ضلع کونسل کے چیئرمین منتخب ہوکر اپنا سیاسی کیرئیر شروع کیا۔ 1985ء میں پہلی بار پنجاب اسمبلی کے رکن بنے، 1988ئ، 1990ء اور 1993ء میں پھر ایم پی اے منتخب ہوئے۔ شہباز شریف کی غیرموجودگی میں 1993ء سے 1996ء تک قائم مقام اپوزیشن لیڈر کی ذمہ داری نبھائی۔ 1997ء کے انتخابات میں پانچویں دفعہ ایم پی اے بنے اور صوبائی اسمبلی کے سپیکر منتخب ہوئے۔ 1999ء میں نواز شریف کی حکومت کا تختہ الٹ دیا گیا، جس کے بعد چودھری شجاعت حسین اور پرویز الہٰی نے مسلم لیگ (ن) کو چھوڑ کر پاکستان مسلم لیگ ق بنا لی۔ 2002ء میں پرویز الہٰی وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوئے۔ اکتوبر 2007ء میں اسمبلی کی تحلیل تک فرائض انجام دئیے، 2008ء میں صوبائی اسمبلی کی نشست پر ساتویں بار کامیاب ہوئے، پہلی بار قومی اسمبلی کی نشست پر بھی فتح حاصل کی، وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی حکومت میں وفاقی وزیر صنعت بنے۔ 2013ء میں چودھری پرویز الہٰی این اے 105 سے پھر رکن قومی اسمبلی بنے۔ 2018ء میں قومی اسمبلی کی 2 سیٹوں اور پنجاب اسمبلی کی ایک نشست سے کامیاب ہوئے، تحریک انصاف اور ق لیگ کی اتحادی حکومت قائم ہوئی اور پرویز الہٰی نے سپیکر پنجاب اسمبلی کے فرائض انجام دئیے۔