اب صحیح معنوں میں پنجاب کے عوام کی خدمت کا دور دورہ ہوگا : پرویزالٰہی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کالعدم قرار دینے اور چوہدری پرویز الہٰی کو پنجاب کا وزیر اعلیٰ قرار دینے کے فیصلے کے بعد چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ق اور پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی اور ساتھیوں کی ثابت قدمی سے باعث آج ہم کو قانونی اور اخلاقی فتح ملی، یقین ہے کہ اللہ کا فضل و کرم مستقبل میں بھی ہمارے شامل حال رہے گا، صحیح معنوں میں پنجاب میں عوامی خدمت کا دور دورہ ہوگا۔ چودھری پرویزالٰہی کی ہدایت پر ارکان اسمبلی فوری طور پر ڈیرہ غازی خان پہنچ گئے اور وہاں پر سیلاب کی صورتحال پر امدادی سرگرمیاں تیز کر دیں۔ انہوں نے ایم این اے محمد خان لغاری اور ارکان پنجاب اسمبلی سیف الدین کھوسہ اور جاوید لونڈ کو ڈی جی خان میں امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے کیلئے خصوصی ہدایات دیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ سیاست عبادت ہے اگر لوگوں کی خدمت کی جائے، آپ سب مل کر فوری طور پر ڈی جی خان میں سیلاب زدگان کی مدد کریں، سیلاب میں گھرے متاثرین کو کھانا، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء فوری طور پر پہنچائیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے ڈپٹی کمشنر ڈی جی خان اور ضلعی انتظامیہ کو فون کیا اور کہا کہ اپنے دفاتر سے باہر نکلیں اور فوری طور پر سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے فعال ہوں، پانی اترنے کے بعد وہاں وبائی امراض پھوٹنے کا خدشہ ہے جس کے تدارک کیلئے محکمہ صحت کے عملے کو بھی متحرک رہنا چاہئے۔