گال ٹیسٹ پاکستان ٹیم مشکلات کا شکار سری لنکن برتری 323رنز 5وکٹیں باقی
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز کم روشنی کے باعث میچ جلد ختم کردیا گیا، میزبان ٹیم کو پاکستان کے خلاف 323 رنز کی برتری حاصل ہے۔گال میں جاری دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز میزبان ٹیم نے دوسری اننگز 147 رنز کی برتری کیساتھ شروع کی تو پاکستانی بائولرز نے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کیا، نسیم شاہ نے 27 رنز پر نیروشان ڈکویلا کو 15 رنز پر آؤٹ کیا، 47 رنز کے مجموعی سکور پر یاسر شاہ نے اوشادا فرنینڈو کو 19 رنز پر پویلین بھیجا۔تیسری وکٹ پر کوشل مینڈس کو محمد نواز نے 15 رنز پر آؤٹ کیا، سری لنکا کی چوتھی وکٹ 100 رنز پر گری اینجلو میتھیوز 35 رنز پر آغا سلمان کا شکار بنے،117 کے سکور پر دنیش چندیمل 21 رنز بناکر نسیم شاہ کے شکار بنے۔کم روشنی کے باعث تیسرے دن کا کھیل جلد ختم کردیا گیا، میزبان ٹیم نے دوسری اننگزمیں 5 وکٹ پر176 رنزبنالئے ہیں اور اسے پاکستان کیخلاف 323 رنزکی برتری حاصل ہے، دھننجایا ڈی سلوا 30 اور دیموتھ کرونارتنے 27 رنزبناکروکٹ پر موجود ہیں۔نسیم شاہ نے 2 جبکہ محمد نواز، آغا سلمان اور یاسر شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل تیسرے روز کے آغاز میں پاکستان نے 191 رنز پر سات وکٹ سے اپنی اننگز دوبارہ شروع کی تو صرف 42 رنز کے اضافے کیساتھ پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی۔پاکستانی ٹیم محض 231 رنز ہی بناسکی اور سری لنکا کی شاندار بائولنگ نے پاکستانی بیٹرز کو آؤٹ کرلیا۔پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز آغا سلمان نے 62 رنزکی اننگزکھیلی۔ امام الحق 32، محمد رضوان اور فواد عالم 24، 24 جبکہ کپتان بابر اعظم 16 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔عبداللہ شفیق بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے جبکہ محمد نواز 12 اور حسن علی 21 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔میزبان ٹیم نے پہلی اننگزمیں 378رنز بنائے تھے۔یاد رہے کہ 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔