عام آدمی مہنگائی سے پریشان ، تمام جماعتیں مل کر حل نکالیں : شجاعت
لاہور+اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+خبر نگار ) مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ اس وقت ملکی حالات کو سدھارنے کی سب سے بڑی ذمہ داری سیاستدانوں کی ہے۔ سیاستدان ایسا طبقہ ہے جو عوام کو صحیح سمت پر لانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ سیاسی منشور کو ایک طرف رکھ کے غریبوں کی بھلائی کا سوچیں۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ سیاسی جماعتیں اپنے اختلافات نہیں بھولنا چاہتیں نہ بھولیں لیکن اس کو پس پشت پر ڈالیں۔ انہوں نے کہا کہ غریب آدمی کو آئی ایم ایف، ورلڈ بینک کے سبق نہ سکھائیں، ان کی بہتری کیلئے کچھ کریں۔ پہلی مرتبہ پاکستان میں اتنا بڑا کرائسس آیا کہ ملکی معیشت برے طریقے سے متاثر ہوئی۔ انہوں نے مزیدکہا کہ پاکستان میں جو کچھ ہو رہا ہے سارے لوگ سمجھ رہے ہیں کہ اس کی سیاسی وجوہات ضرور ہوں گی لیکن غریب آدمی کو اس سے کوئی غرض نہیں۔ اختیارات رکھنے والے تمام لوگ ایک ایجنڈے یعنی معیشت کو ٹھیک کرنے کیلئے سوچ بچار اور عملی طور پر حل کرنے پر غور کریں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ورکنگ ریلیشن شپ ہونی چاہئے تاکہ ملک کے معاملات بغیر کسی رکاوٹ کے چل سکیں اور تعصب کا شکار نہ ہوں۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ عام آدمی مہنگائی سے پریشان ہے جس کیلئے تمام جماعتیں مل بیٹھ کر حل نکالیں۔