ڈی جی ایف آئی اے ، اینٹی کرپشن ، سینئر پولیس افسروں کے تبادلے
اسلام آباد/ لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ این این آئی+ نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) پنجاب میں حکومت کی تبدیلی کے ساتھ ہی پولیس‘ بیورو کریسی و دیگر انتظامی عہدوں پر تعینات کئی افسران کے بڑے پیمانے پر تبادلے کر دیئے گئے ہیں۔ کئی استعفے دے دیئے۔ تفصیل کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے محمد طاہر رائے کو تبدیل کر دیا گیا۔ ان کی جگہ پولیس گروپ گریڈ 22 کے سینئر افسر سابق آئی جی بلوچستان محسن حسن بٹ کو ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے مقرر کر دیا گیا۔ وہ قبل ازیں ایف آئی اے میں میں بطور ڈائریکٹر ایڈمن خدمات انجام دے چکے ہیں۔ پولیس گروپ کے گریڈ 20 کے افسر ڈی آئی جی وقارالدین سید کو ڈائریکٹر ایف آئی اے تعینات کر دیا گیا۔ لاہور کیپٹل سٹی پولیس چیف بلال صدیق کمیانہ کو عہد سے ہٹا کر وفاق میں رپورٹ کرنے کے احکامات دیئے گئے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن رانا عبدالجبار اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جھنگ غیاث گل خان کو بھی پنجاب سے تبدیل کر کے وفاق رپورٹ کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ سی سی پی او لاہور ڈی آئی جی بلال صدیق کمیانہ نے انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) میں تبادلہ ہونے پر گزشتہ روز لاہور پولیس کے سینئر افسران سے کیپٹل سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرز میں الوداعی ملاقات کی۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب فیصل شاہکار نے تین ڈی ایس پیز کے تبادلے وتقرری کے احکامات جاری کئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈی ایس پی محمد نواز کو ایس ڈی پی او بھلوال سرگودھا، ایس ڈی پی او بھلوال سرگودھا محمد ریاض ناز کو سنٹرل پولیس آفس پنجاب لاہور رپورٹ کرنے جبکہ محمد شبیر کو ایس ڈی پی او ملکوال منڈی بہاؤالدین تعینات کر دیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ختم ہونے کے بعد ایڈووکیٹ جنرل اور ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شہزاد شوکت نے اپنا استعفیٰ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان کو ارسال کر دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت تبدیل ہو چکی ہے اس لئے وہ عہدے پر مزید کام جاری نہیں رکھ سکتے۔ استعفیٰ کے بعد شہزاد شوکت نے ایڈووکیٹ جنرل آفس میں لا افسران اور ایڈووکیٹ جنرل آفس عملے سے ملاقات کی۔ خیال رہے کہ شہزاد شوکت کو یکم جون کو ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کے عہدے پر تعینات کیا گیا تھا۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سیکرٹریٹ گروپ کے گریڈ 21 کے افسر حماد شمیمی جوائنٹ سیکرٹری کو ایڈیشنل سیکرٹری کیبنٹ ڈویژن تعینات کر دیا گیا۔ گریڈ 20 کے افسر شفیق الرحمن کو چیف فنانس اینڈ آڈٹ آفیسر پلاننگ ڈویژن تعینات کر دیا گیا ہے۔ او ایم جی گروپ کے گریڈ 18 کے سیکشن آفیسر پاور ڈویژن کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں او ایس ڈی بنا دیا گیا۔ آئی جی پنجاب پولیس فیصل شاہکار نے تقرری کے منتظر انور سعید طاہر کو ڈی پی او منڈی بہاؤ الدین تعینات کر دیا۔ جبکہ ڈی پی او منڈی بہاؤالدین ساجد حسین کھوکھر کو سنٹرل پولیس آفس پنجاب لاہور رپورٹ کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔کیپٹن (ر) اسد اﷲ خان کو ڈی جی اینٹی کرپشن کا اضافی چارج 3 ماہ کے لئے دے دیا گیا ہے۔