عمران کے بیانیہ کو ناکام، سیاست کو دفن کر دیں گے: مولانا فضل الرحمن
اسلام آباد (نامہ نگار) فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہم پہلے کی طرح اب بھی عمران خان کے بیانیہ کو ناکام بنائیں گے، ہم اس کی سیاست کو دفن کردیں گے۔ فارن فنڈنگ، مالم جبہ، ہیلی کاپٹر کیس، بی آر ٹی، کیوں ان کیسز کا فیصلہ نہیں ہورہا؟۔ اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اپنی پوری سیاست کی فکرو، ہم نے تمہاری حکومت کو زمین بوس کردیا۔ اب پنجاب حکومت کی خیر منائو جو چند دن کی مہمان ہے۔ انہوں نے کہا کہ تم نے امریکہ، این جی اوز اور اداروں کی سپورٹ پر سیاست کی ہے۔ پی ٹی آئی جیسی سیاست پر لعنت بھیجتا ہوں۔ آپ کا گھر بھی امریکی قونصلیٹ سے چلا اور بنا۔ ہم اس سیاست کو دفن کردیں گے۔ اگر قانون میں کہیں سقم ہے تو اس پر قانون سازی ہونی چاہیے۔ سپیکر قومی اسمبلی کو کہا ہے کہ تحقیقات کرکے استعفوں کو قبول کریں۔ یہ سپیکر قومی اسمبلی کی صوابدید ہے کہ وہ کب استعفے منظور کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ادارے سے کوئی گلہ نہیں البتہ اٹک پار سے شکوہ ضرور ہے۔ اپنی حکومت سے میری شکایت ہے، فارن فنڈنگ، مالم جبہ، ہیلی کاپٹر کیس، بی آر ٹی، کیوں ان کیسز کا فیصلہ نہیں ہو رہا۔