5ججوں کی تعیناتی چیف جسٹس کے نام مسترد
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) سپریم کورٹ میں ججز کی تقرری کیلئے جوڈیشل کمشن پاکستان کے اجلاس میں چیف جسٹس آف پاکستان کی طرف سے عدالت عظمیٰ میں تعیناتی کیلئے نامزد تمام 5 نام کثرت رائے سے مسترد کردیئے گئے ہیں۔ جوڈیشل کمشن پاکستان کا اجلاس چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی زیر صدارت ہوا، جس میں سندھ سے تین، پنجاب اور خیبرپختونخوا سے ایک ایک جج کو عدالت عظمیٰ میں تعینات کرنے پر غور کیا گیا۔ جوڈیشل کمشن نے چیف جسٹس کے نامزد تمام 5 نام کثرت رائے سے مسترد کردیئے ہیں۔ اجلاس میں جسٹس قیصر رشید، جسٹس شاہد وحید، جسٹس حسن اظہر، جسٹس شفیع صدیقی اور جسٹس نعمت اللہ کے ناموں پر بھی غور کیا گیا۔ جوڈیشل کمشن کے 5 ارکان نے سپریم کورٹ میں تعیناتیوں کی مخالفت کی، جن میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ، جسٹس سردار طارق مسعود، اٹارنی جنرل اشتر اوصاف، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور نمائندہ پاکستان بار کونسل ایڈووکیٹ اختر حسین شامل ہیں۔ جوڈیشل کمشن کا اجلاس سپریم کورٹ میں 5 ججز کی تقرری کیلئے بلایا گیا تھا۔ سپریم کورٹ میں اس وقت 4 ججز کے عہدے خالی ہیں، جبکہ جسٹس سجاد علی شاہ کی 13اگست کو ریٹائرمنٹ پر ایک اور سیٹ خالی ہوگی۔ سپریم کورٹ میں ججز کی خالی اسامیوں کیلئے لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید، پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس قیصر رشید کو سپریم کورٹ میں لانے کیلئے نامزد کیا گیا تھا۔ اجلاس میں سندھ ہائی کورٹ کے 3 ججز جسٹس حسن اظہر، جسٹس شفیع صدیقی اور جسٹس نعمت اللہ کو بھی خالی ججز کے عہدوں پر مقرر کرنے پر غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کیلئے چیف جسٹس کی جانب سے نامزد کیے گئے 5 ججز پر جوڈیشل کمشن کے ارکان میں اختلاف رائے سامنے آیا۔ جس کے بعد جوڈیشل کمشن کے ممبران میں ووٹنگ کرائی گئی۔ ذرائع کے مطابق سندھ کے 2 ججز سے متعلق جسٹس ریٹائرڈ سرمد جلال عثمانی نے بھی مخالفت میں ووٹ دیا اور 4 کے مقابلے میں 5 ووٹ مخالفت میں آنے پر اجلاس ختم کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس سجاد علی شاہ نے نامزدگیوں کے حق میں ووٹ دیا، جسٹس اعجاز الاحسن نے بھی نامزدگیوں کے حق میں ووٹ دیا۔
نام مسترد
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) جوڈیشل کمیشن اجلاس سے متعلق ترجمان سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے گزشتہ روز جوڈیشل کمیشن اجلاس چیف جسٹس کی سربراہی میں کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ چیف جسٹس سمیت 7 ارکان اجلاس میں شریک ہوئے جبکہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور اٹارنی جنرل نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ چیف جسٹس نے اجلاس موخر کرنے کی تجویز دی۔ اجلاس موخر کرنے کے حق میں پانچ ووٹ آئے، تاکہ چیف جسٹس آف پاکستان پہلے سے تجویز کردہ افراد کے بارے میں اضافی معلومات اور ڈیٹا فراہم کر سکیں اور اگر وہ مناسب سمجھیں تو فہرست میں مزید نام شامل کریں۔ اجلاس ملتوی کرنے کی تجویز کی حمایت مسٹر جسٹس اعجاز الاحسن، مسٹر جسٹس سجاد علی شاہ، مسٹر جسٹس (ر) سرمد جلال عثمانی اور اٹارنی جنرل پاکستان نے کی۔ جس کے بعد اجلاس ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں سپریم کورٹ میں تقرری کے لیے پانچ ناموں پر غور کیا گیا۔ جوڈیشل کمیشن کی نئی تاریخ سے متعلق ممبران کو آگاہ کیا جائے گا۔
اعلامیہ