غلام محمود ڈوگر دوبارہ سی سی پی او لاہور تعینات گجرات میانوالی کے ڈپٹی کمشنر تبدیل
لاہور (وقائع نگار+ نمائندہ خصوصی) حکومت پنجاب نے ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر کو سی سی پی او لاہور تعینات کر دیا۔ اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر کا تعلق پولیس سروسز کے 21ویں کامن سے ہے۔ غلام محمود ڈوگر اس سے قبل بھی سی سی پی او لاہور کے اہم عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔ غلام محمود ڈوگر ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اور سی ٹی او لاہور کے عہدوں پر بھی فرائض انجام دے چکے ہیں۔ انہیں پاکستان بھر کے مختلف ریجنز اور اضلاع میں آر پی او، سی پی او اور ڈی پی او سمیت کلیدی عہدوں پر کام کرنے کا تجربہ حاصل ہے۔ غلام محمود ڈوگر آر پی او ساہیوال، آر پی او فیصل آباد، ڈی آئی جی انفارمیشن ٹیکنالوجی، ڈی آئی جی ٹیکنیکل پروکیورمنٹ سی پی او آفس بھی تعینات رہے۔ غلام محمود ڈوگر سی سی پی او لاہور تعیناتی سے قبل ایڈیشنل آئی جی لاجسٹک اینڈ پروکیورمنٹ کے عہدے پر فائز تھے۔ دریں اثناء پنجاب حکومت نے رائے منظور حسین کو ڈی جی اینٹی کرپشن تعینات کر دیا جبکہ ڈپٹی کمشنر گجرات اور میانوالی کو تبدیل کر دئیے۔ ڈپٹی کمشنر گجرات رضوان قدیر کو تبدیل کرکے ایڈیشنل سیکرٹری صنعت لگا دیا گیا، عامر شہزاد کو ڈپٹی کمشنر گجرات تعینات کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر میانوالی عمر جاوید کو ڈپٹی سیکرٹری پلاننگ تعینات کر دیا گیا اور محمد عمیر کو ڈپٹی کمشنر میانوالی تعینات کر دیا گیا۔ کیپٹن (ر) محمد علی ضیاء ایس ایس پی لاء اینڈ آرڈر چیف منسٹر آفس تعینات، ایس ایس پی احسن سیف اللہ کو ایس پی سٹاف آفیسر ٹو چیف منسٹر پنجاب تعینات کردیا گیا۔
غلام محمود ڈوگر