• news

ڈالر انٹر بنک ریٹ گرگیا اوپن مارکیٹ میں 4روپے مہنگا

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) 11 روز بعد انٹربینک میں ڈالر کی قدر کم ہو گئی۔ تاہم اوپن مارکیٹ میں ڈالر چار روپے مہنگا ہو کر 248 روپے کی سطح پر پہنچ گیا۔ ذرائع کے مطابق کاروباری دورانیے میں ڈالر کے انٹربینک ریٹ ایک موقع پر 241 روپے سے بھی تجاوز کر گئے تھے لیکن بعد از دوپہر ڈیمانڈ ختم ہونے اور سپلائی بڑھنے سے مذکورہ سطح میں کمی واقع ہوئی۔ نتیجتاً انٹربینک مارکیٹ میں گیارہ روزہ طویل وقفے کے بعد ڈالر کی قدر 57 پیسے کی کمی سے 239.37 روپے کی سطح پر بند ہوا۔ اس کے برعکس اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 4 روپے کے اضافے سے 248 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر بند ہوئی۔ دوسری طرف ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں یکدم بڑی کمی ہو گئی۔ سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت میں 4200 روپے کمی ہوئی اور سونے کی نئی قیمت ایک لاکھ 58 ہزار 300 روپے ہو گئی۔ عالمی صرافہ مارکیٹ میں سونے کا بھاؤ 12 ڈالر اضافے سے 1762 ڈالر فی اونس ہے۔ گزشتہ روز سونے کی فی تولہ قیمت میں ریکارڈ 10 ہزار روپے سے زائد کا اضافہ ہوا تھا۔ ادھر پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا منفی دن رہا اور 100 انڈیکس 126 پوائنٹس کم ہو کر 40150 پر بند ہوا۔ کاروباری دن میں 100 انڈیکس 394 پوائنٹس کے بینڈ میں رہا، 100 انڈیکس کی کم ترین سطح 40027 رہی۔
ڈالر/سونا

ای پیپر-دی نیشن