• news

شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں پاکستانی بھارتی وزراء خارجہ پہلی بار ایک ساتھ شریک 

تاشقند‘ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ‘ خصوصی نامہ نگار) تاشقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر پاکستان اور بھارت کے وزرائے خارجہ ایک چھت تلے اکٹھا ہوئے، پہلی بار وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور بھارتی ہم منصب جے شنکر  اجلاس میں ایک ساتھ شریک ہوئے ہیں۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری ایس سی او اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مشترکہ سوچ کو حقیقت کا روپ دینے کیلئے ریل، سڑک، بحری اور فضائی روابط قائم کرتے ہوئے شنگھائی تعاون تنظیم کے درمیان رابطے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔تر جما ن دفتر خارجہ کے مطا بق تاشقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے دائرہ میں رہتے ہوئے مشترکہ خوشحالی کیلئے مشترکہ اہداف ہمارے رہنما اصول ہونے چاہئیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کی ترقی و خوشحالی کا انحصار ای کامرس، کاروبار کو ڈیجیٹل کرنے، جدت اور ترسیل کے بین الاقوامی سلسلے کے تحفظ جیسے اہم شعبوں پر ہے۔انہوںنے کہا کہ پاکستان ازبکستان اور افغانستان کیساتھ ٹرانزٹ افغان ریل منصوبے پر تیزی سے کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پالیسی کا محور ڈیجیٹل کے عمل سے مستفید ہونے اور ملک میں ایک کروڑ تیس لاکھ سے زائد نوجوانوں کو اقتصادی مواقع فراہم کرنے کیلئے نوجوانوں، خواتین ،چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو بااختیار بنانا ہے۔ پی پی پی چیئرمین و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا بلوچستان میں بارشوں کے باعث جانی و مالی نقصان پر اظہارِ افسوس ۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے انتظامیہ کو متاثرین کی ہر ممکن امداد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ۔وزیر خا رجہ بلا ول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ غیرمعمولی بارشوں کے باعث بلوچستان سمیت ملک کے مختلف علاقے متاثر ہوئے جبکہ بلوچستان سمیت ملک کے دیگر علاقوں کی بارش سے متاثرہ عوام کو مشکل گھڑی میں اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پی پی پی کارکن ملک بھر میں جاری امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر اپنا فرض نبھائیں۔
ایک ساتھ شریک

ای پیپر-دی نیشن