• news

ایل پی جی مزید 10روپے کلو مہنگی پٹرول 15ڈیزل 18روپے بڑھنے کا امکان 

لاہور‘اسلام آباد (سٹاف رپورٹر‘نامہ نگار) ایل پی جی کی قیمت میں مسلسل تیسرے روز 10روپے فی کلو کا اضافہ کردیا گیا، جس کے بعد 48گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر ایل پی جی 30 روپے فی کلو مہنگی ہو گئی۔ چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز عرفان کھوکھر کے مطابق ایل پی جی مافیا نے 48گھنٹوں کے دوران اوگرا نوٹیفکیشن کے بغیر قیمت بڑھانے کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی ہے، جس کے نتیجے میں فی کلو قیمت 250روپے تک پہنچ گئی ہے۔ واضح رہے کہ اوگرا کی جولائی کے لیے قیمت 220روپے فی کلو تھی جس کے مطابق گھریلو سلنڈر 2600 اور کمرشل سلنڈر 9988 روپے کا فروخت ہو رہا تھا۔ گزشتہ تین روز میں ہونے والے اضافے کے بعد اب نئی قیمت 250 روپے فی کلو کے مطابق گھریلو سلنڈر 2950 روپے اور کمرشل  سلنڈر 11350 روپے میں فروخت ہوگا۔ اوگرا کی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق ورکنگ حتمی مراحل میں ہے۔ ورکنگ کے مطابق پیٹرولیم کی قیمت میں 15روپے اور ڈیزل 18روپے فی لیٹر مہنگا ہونے کا امکان ہے۔ اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق دو تجاویز تیار کی ہیں۔ پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی ٹیکس کم کرکے قیمتیں برقرار رکھی جا سکتی ہیں۔ لیوی ٹیکس میں 10روپے فی لیٹر تک اضافہ کرکے قیمتیں بڑھائی جا سکتی ہیں۔
ایل پی جی/پٹرولیم مصنوعات

ای پیپر-دی نیشن