معتبر عالمی ادارے کی تحقیقاتی رپورٹ عمران کیخلاف سنگین فرد جرم وزیراعظم
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معتبر عالمی ادارے کی تحقیقاتی رپورٹ عمران نیازی کے خلاف سنگین فرد جرم ہے۔ رپورٹ میں پی ٹی آئی فارن فنڈنگ‘ غیرقانونی بھاری رقوم کی ترسیل کے حقائق بے نقاب ہوگئے‘ رپورٹ میں حقائق چیخ چیخ کر بتا رہے ہیں کہ عمران نیازی جھوٹ‘ تضادات‘ منافقت کا پیکر ہے۔اسلام آباد سے اے پی پی کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے مشکل وقت میں ریاست پہلے، سیاست بعد میں" کی پالیسی کے تحت حکومتی باگ ڈور سنبھالی اور مشکل فیصلے کئے۔ لگژری اشیاء کی درآمد پر پابندی عائد کی، غیر ضروری حکومتی اخراجات کم کئے، قابل تجدید توانائی کے منصوبے شروع کررہے ہیں۔ انتشار اور معیشت کی تباہی کے ذمہ داران کے برعکس محنت اور لگن سے ملک کی ترقی کے لئے کوششیں کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک امریکن بزنس فورم کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے جمعہ کو ان سے ملاقات کی۔ وفد میں سیکٹری جنرل پاک امریکن بزنس فورم وقار خان، صدر ریاض حسین اور سینئر نائب صدر انور اعظم شامل تھے۔ اس کے علاوہ وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضی جاوید عباسی اور متعلقہ اعلی حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔ وزیراعطم نے کہا کہ ہم نے معیشت کی بحالی اور پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کیلئے مشکل فیصلے کئے ہیں۔ پاکستان میں انتشار اور معیشت کی تباہی کے ذمہ داران کے برعکس ہم محنت اور لگن سے ملکی ترقی کیلئے کوششیں کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ قلیل مدتی اور طویل مدتی منصوبہ بندی پر عملدرآمد سے ہم بجلی کی پیداوار کا انحصار درآمدی تیل پر کم کرکے قابل تجدید ذرائع بروئے کار لائیں گے۔ ہم ترجیحی بنیادوں پر6 سے 7 ہزار میگاواٹ قابل تجدید بشمول سولر اور ونڈ انرجی کے منصوبے شروع کرنے جا رہے ہیں۔ ہم نے لگژری اشیاء کی درآمد پر پابندی عائد کرنے کے ساتھ ساتھ غیر ضروری حکومتی اخراجات کو کم کیا۔ ملاقات میں وفد نے وزیر اعظم شہباز شریف کو معیشت کی بحالی کیلئے اقدامات، ملک میں برآمدی صنعت کو موجودہ حکومت کی طرف سے فراہم کی گئی سہولیات اور سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے حل پر خصوصی توجہ کیلئے خراج تحسین پیش کیا۔ وفد نے وزیر اعظم کو اپنے مسائل اور تجاویز سے بھی آگاہ کیا۔ وزیرِ اعظم نے فوری طور پر ان کے مسائل حل کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے یہ یقین دہانی کرائی کہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ قبل ازیں وزیر اعظم شہباز شریف سے ارکان قومی اسمبلی نوید عامر جیوا، رانا محمد قاسم نون اور رائو محمد اجمل خان نے ملاقات کی اور اپنے اپنے حلقوں سے متعلقہ مسائل اور موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے جمعہ کو ملاقات کی اور موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم شہباز شریف اور مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے وزیراعظم آفس کے مطابق رابطے میں پاکستان میں بل اینڈ میلنڈا فاؤنڈیشن کے تحت صحت اور سماجی شعبے کے پروگراموں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں پولیو کے خاتمہ میں بل گیٹس فاؤنڈیشن کی مدد اور تعاون کو سراہا اور کہا کہ ملک سے پولیو کے خاتمے کیلئے حکومت پرعزم ہے تمام شعبوں میں فاؤنڈیشن کیساتھ شراکت داری کو مستحکم بنانے کے خواہشمند ہیں۔
وزیراعظم