محرم الحرام چاروں صوبوں کشمیر گلگت بلتستان میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی زیر صدارت محرم الحرام میں امن و امان سے متعلق اجلاس میں مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی کے حوالے سے فیصلے کئے گئے۔ چاروں صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان میں سول آرمڈ فورسز تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ سکیورٹی صورتحال مانیٹر کرنے کیلئے وزارت داخلہ میں کنٹرول روم قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ مجالس، جلوسوں کے راستوں کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق سوشل میڈیا پر نفرت انگیز اور مذہبی منافرت پر مبنی مواد کی روک تھام کیلئے مانیٹرنگ کرنے کا بھی فیصلہ کر لیا گیا۔ مجالس کے اوقات، نویں اور دسویں محرم الحرام کو لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کی سفارش کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر داخلہ راناثناء اللہ نے ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی کے جن ممبران کے استعفے منظور کیے ہیں وہ کسی نہ کسی حیثیت میں خود پیش ہوئے، اگر دیگر مستعفی ممبران بھی پیش ہوں گے تو ان کے استعفے بھی منظور ہو جائیں گے۔ ملک میں عام انتخابات سے متعلق سوال پر وزیر داخلہ نے کہا کہ جب تک تمام سٹیک ہولڈرز بشمول الیکشن کمیشن آف پاکستان ساتھ بیٹھ کر بات چیت نہ کریں اور تمام صوبائی اسمبلیاں اور قومی اسمبلی میں ایک ہی وقت میں الیکشن نہ ہوں، الیکشن رولز اور حلقہ بندیوں کے مسائل حل نہ ہوں تو پھر ایسی صورت میں الیکشن کے متنازع ہونے کا خطرہ زیادہ ہے جو ملک و قوم کے لیے بہتر نہیں ہو گا۔ عمران خان کی کوشش ہے قوم کو تقسیم کرے، اس فتنے کی سرکوبی کی جانی چاہئے۔
وزیر داخلہ