• news

سفیر ڈونلڈ بلوم کی ملاقات پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری اولین ترجیح مفتاح اسماعیل

 اسلام آ باد (خبرنگار خصوصی+آئی این پی ) وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ پاکستان میں امریکی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کیلئے راغب کرنا پہلی ترجیح ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے امریکہ سفیر ڈونلڈ بلوم کی ملاقات ہوئی جس میں مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پاکستان میں امریکی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کیلئے راغب کرنا پہلی ترجیح ہے، موجودہ حکومت بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے کاروبار دوست ماحول پیدا کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ ملاقات میں امریکی سفیر نے پاک امریکہ تعلقات اور حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا، امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری اور تجارتی تعلقات کو بہتر بنایا جائے گا۔ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے امریکی سفیر کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت امریکہ سے دو طرفہ معاشی، تجارتی اور سرمایہ کاری کو وسعت دے گی۔وفاقی وزیر خزانہ و محصولات مفتاح اسماعیل سے چینی پاور جنریشن کمپنیوں کے وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال، وفاقی وزیر برائے بجلی خرم دستگیر خان، ظفرالدین محمود ایس اے پی ایم، طارق فاطمی ایس اے پی ایم، رانا احسان افضل وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت و صنعت، کوآرڈینیٹر ،بلال اظہر کیانی، چیئرمین نیپرا اور سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔چینی وفد کی قیادت سی ای او چائنا حب کول پاور پراجیکٹ مسٹر رین لیہو، سی ای او ساہیوال کول پاور پراجیکٹ مسٹر لی ژن اور سی ای او پورٹ قاسم پاور پلانٹ نے کی۔ چینی وفد نے اجلاس کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔وزرانے پاکستان کی ترقی میں چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ حکومت پاکستان میں مختلف منصوبوں پر کام کرنے والی چینی کمپنیوں کے ساتھ تعاون اور سہولت فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ اجلاس نے ان کے مسائل سنے اور وفد کو یقین دلایا کہ وہ جلد از جلد مسائل کو حل کر کے ان کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کی یقین دہانی کرائی۔اور اس طرح پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی راہ ہموار کرنے کو یقینی بنایا جائیگا ۔چینی وفد نے اپنے حل طلب مسئلے کو حل کرنے پر چیئرمین کا شکریہ ادا کیا۔ 

مفتاح/ ملاقات

ای پیپر-دی نیشن