30 افغان فیکلٹی اراکین ، یونیورسٹی منتظمین کا ہائیر ایجوکیشن کمشن کا دورہ
لاہور(سپیشل رپورٹر) 30 افغان فیکلٹی اراکین اور یونیورسٹی منتظمین نے ہائیر ایجوکیشن کمشن سیکرٹریٹ کا دورہ کیا اور قائم مقام چیئرپرسن اور ایگزیکٹیوڈائریکٹر ڈاکٹرشائستہ سہیل سمیت ایچ ای سی کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کی۔ افغان فیکلٹی اراکین اس وقت نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی ، اسلام آباد میں استعداد کار میں اضافہ کے ایک تربیتی کورس میں شریک ہیں۔اس موقع پر ڈاکٹر شائستہ سہیل نے وفد کو پاکستان کے اعلٰی تعلیم شعبے بالخصوص ایچ ای سی کے افعال اور ذمہ داریوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ اس وقت افغان طلباء کی ایک بڑی تعداد پاکستانی جامعات میں زیر تعلیم ہے۔ انہوں نے وفد کے شرکاء کے سوالوں کے جوابات دئیے اور کہا کہ ایچ ای سی حکومت پاکستان کی ہدایات کی روشنی میں افغان طلباء کو ہر ممکن معاونت فراہم کرتا رہے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ اقدامات دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید بہتری کا موجب ہوں گے اور افغان طلباء اپنے وطن جاکر اس کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے وفد کو بتایا کہ پاکستان اور افغانستان اعلٰی تعلیمی شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر کام کررہے ہیں جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی شعبے میں اشتراک مزید مستحکم کرنے کا موقع ملے گا۔