منی لانڈرنگ کیس: شہباز شریف‘ حمزہ 7 ستمبر کو فرد جرم کیلئے طلب
لاہور (خبر نگار) لاہور کی سپیشل سینٹرل عدالت نے ایف آئی اے کے منی لانڈرنگ کیس میں وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر فرد جرم کے لیے طلب کر لیا۔ لاہور کی سپیشل سینٹرل عدالت میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے ایک روز کی حاضری معافی کی درخواست دائر کی۔ دورانِ سماعت حمزہ شہباز کے وکیل نے ان کی میڈیکل رپورٹس عدالت میں پیش کیں۔ شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ کل شہباز شریف اسلام آباد میں سرکاری میٹنگز میں مصروف تھے۔ ایف آئی اے کے وکیل نے کہا کہ انہیں شہباز شریف اور حمزہ کی حاضری معافی پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ ملزم نے عدالت میں پیش ہونا چھوڑ دیا ہے جب کہ ملزم ملک مقصود کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جمع کرا دیا ہے۔ ملزم کی موت کی تصدیق ہوگئی ہے۔ دورانِ سماعت ایف آئی اے نے اشتہاری ملزم سلیمان شہباز کی جائیداد کا ریکارڈ پیش کیا۔ بعد ازاں عدالت نے فرد جرم کیلئے آئندہ سماعت پر 7 ستمبر کو طلب کر لیا۔