نواز شریف نے پارٹی کو حکومت چھوڑنے کیلئے 18 اگست کی ڈیڈ لائن دیدی
اسلام آباد(رانا فرحان اسلم)مسلم لیگ ن کے قائد سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے پارٹی قیادت کو فیصلے کیلئے 18 اگست کی ڈیڈ لائن دیدی ہے۔ میاں نواز شریف حکومت سے فوری علیحدگی کے حامی ہیں، انکی جانب سے پارٹی کو حتمی فیصلے کیلئے ڈیڈ لائن دی گئی ہے، ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف پارٹی کی کارکردگی پر نالاں ہیں۔ مسلم لیگ ن کے پارٹی قائد میاں نواز شریف نے نامساعد حالات میں حکومت لینے کی بھی مخالفت کی تھی، حکومت میں آنے کے بعد موجودہ حالات میں مسلم لیگ ن کی ساکھ متاثرہونے پر بھی پارٹی قیادت سے سخت نالاں ہیں۔ ذرائع کے مطابق میاں نواز شریف کی جانب سے پنجاب انتخابات میں شکست اور حکومت کے خاتمہ پرشدید ردعمل آیا ہے انکی جانب سے پارٹی کو تنبیہ کی گئی ہے، پارٹی کی گرتی ہوئی ساکھ کو بچانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ غیر موزوں حالات میں حکومت کا حصہ بننے سے سب سے زیادہ نقصان مسلم لیگ ن کو ہو رہا ہے، اسی وجہ سے پنجاب کے ضمنی انتخابات میں پارٹی کوشکست ہوئی ، حمزہ شہباز کی پنجاب سے حکومت کا خاتمہ بھی پارٹی کیلئے نیک شگون نہیں ہے۔