چیف الیکشن کمشنر کیخلاف جودیشل کونسل جائیں گے عمران ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ میرٹ پر ہوگا
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کے کنڈکٹ کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں جائیں گے، جس کے لئے لیگل ٹیم مشاورت میں مصروف ہے بنی گالہ میں مختلف وفود سے ملاقات کے دوران انہوں نے یہ بات کہی میٹنگ میں پی ٹی آئی رہنماؤں شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری اور فرخ حبیب بھی موجود تھے۔ عمران خان نے کہا کہ پہلے پنجاب اسمبلی اور کے پی کے اسمبلی میں چیف الیکشن کمشنر کے خلاف قراردادیں منظور کی جائیں گی۔ علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے بنی گالہ میں ملک بھر کی اہم بار ایسوسی ایشنوں کے صدور نے خصوصی ملاقات کی ملاقات کرنے والوں میں لاہور بار، فیصل آباد بار، سرگودھا بار سمیت پنجاب کی دیگر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشنز کے صدور شامل ہیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے صدر شعیب شاہین بھی ملاقات کرنے والوں میں شامل ہیں۔ وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی، مرکزی سینئر نائب صدر فواد چودھری، مرکزی سیکرٹری اطلاعات فرخ حبیب اور فوکل پرسن برائے قانونی امور بیرسٹر حسان نیازی بھی شریک تھے۔ اس موقع پر ملک میں قانون کی عملدراری، ریاستی اداروں کے مابین اختیارات کی دستوری تقسیم اور جمہوری اقدار کی کیفیت کا بھی جائزہ لیا۔ مقتدر سیاسی اتحاد کی جانب سے عدالت عظمیٰ کے ججز کیخلاف نفرت آمیز مہم پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ چیئرمین عمران خان نے کہاکہ قانون کی حکمرانی قومی ترقی کے ایجنڈے کا بنیادی نکتہ ہے۔ تحریک انصاف عدل و انصاف کے قیام کیلئے گزشتہ 26 سال سے سیاسی میدان میں متحرک ہے۔ عمران خان نے کہا کہ طاقتور اور کمزور کو یکساں طور پر قانون کے تابع کئے بغیر اس سماج کا قیام ممکن نہیں جس کا خواب ہمارے آبائواجدادنے دیکھا۔ مافیاز نے اپنے تسلط کے دوام کیلئے ادارے تباہ، ملک میں لاقانونیت کو فروغ دیاعمران خان نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ وکلاء برادری ملک میں قانون کی بالادستی کیلئے آگے بڑھے اور کردار ادا کرے۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر اتحادی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے لکھا کہ 8 مارچ کو جب تحریک عدم اعتماد پیش کی گئی تو اس وقت ڈالر 178 کا تھا اور آج 250 کا ہو گیا ہے۔ سابق وزیراعظم نے لکھا کہ 8 مارچ کو ملک میں مہنگائی کی شرح 16.5 فیصد تھی جو آج 38 فیصد ہو گئی ہے۔ یہ امپورٹڈ حکومت نہ صرف بدمعاشیوں سے بنی ہے بلکہ مکمل نااہل بھی ہے۔
عمران
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف کے الیکشن کمشن پر پے درپے واروں کے بعد الیکشن کمشن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کا فیصلہ قانون کے مطابق ہوگا۔ الیکشن کمشن ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے رہنماؤں نے چیف الیکشن کمشنر سے دیگر جماعتوں کے رہنماؤں کے مقابلے میں زیادہ ملاقاتیں کیں ہیں۔ الیکشن کمشن ذرائع نے کہا کہ ایک پارٹی ملاقاتیں کرے تو ٹھیک دوسری پارٹیاں کریں تو غلط ہے؟ فیصلہ قانون اور میرٹ کے مطابق آئے گا، کوئی جتنا مرضی شور مچا لے‘ واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے الزامات کے بعد الیکشن کمشن کے ذرائع نے بھی ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ الیکشن کمشن ذرائع نے مزید کہا کہ الیکشن کمشن میں تمام پارلیمینٹیرین چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کرتے رہے ہیں۔ جبکہ دوسری پارٹیوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ پی ٹی آئی کے وزرا اور رہنماؤں نے ملاقاتیں کیں۔ شاہ محمود قریشی نے بھی چند ہفتے قبل چیف الیکشن کمشنر سے ڈیڑھ گھنٹے تک ملاقات کی اور حال ہی میں ہمایوں اختر چیف الیکشن کمشنر سے ملے ہیں۔ پی ڈی ایم وفد نے اکیلے چیف الیکشن کمشنر سے نہیں بلکہ پورے الیکشن کمشن سے ملاقات کی جو معمول کی بات ہے۔ الیکشن کمشن نہ پچھلی حکومت کے زیر اثر آیا نہ موجودہ کے ہوگا۔ الیکشن کمشن ذرائع نے کہا کہ بچہ بچہ جانتا ہے فارن فنڈنگ کیس محفوظ ہو چکا، اب فیصلہ سنایا جائے گا، یہ الیکشن کمشن کو دباؤ اور زیر اثر کرنے کیلئے کیا جا رہا ہے، فیصلہ قانون اور میرٹ کے مطابق آئے گا کوئی جتنا مرضی شور مچائے۔
الیکشن کمشنر