دعا ہے نیا ہجری سال قوم‘ امت کیلئے خوشحالی‘ برکتوں کا باعث ہو‘ وزیراعظم
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج یکم محرم الحرام سے نئے ہجری سال 1444ھ کا آغاز ہونے جا رہا ہے. میری ربِ باری تعالی کے حضور دعا ہے کہ نیا اسلامی سال اُمتِ مسلمہ بالخصوص پاکستان کیلئے امن، خوشحالی اور برکتوں کا باعث ہو۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ سالِ نو کا آغاز جہاں تاریخ میں ایک نئے باب کا اضافہ ہے وہیں یہ ماضی کی رنجشوں کو بھلا کر، اپنی غلطیوں سے سیکھ کر، خطاو¿ں سے توبہ کا موقع یعنی رب کے حضور معافی کی یاد دہانی بھی کراتا ہے۔ آئیں مل کر خود احتسابی کریں کہ گزشتہ پورے سال ہم نے عبادات، معاملات، اعمال، حلال و حرام، حقوق اللہ اور حقوق العباد کی ادائیگی میں کہیں اپنے رب کی ایسی نافرمانی تو نہیں کی جو روزِ محشر ہمیں رب تعالی اور نبی آخرالزماں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے شرمندگی میں مبتلا کرے۔ آئیں مل کر ہم سالِ نو کے موقع پر خود سے یہ عہد کریں کہ آج سے ہم اپنی زندگیوں میں رب کی خوشنودی اور رضامندی کو دینی و دنیاوی معاملات میں افضل جان کر اپنی انفرادی زندگی میں بدلاو¿ لائیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے حضرت عمرفاروقؓ کے یوم شہادت کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت عمر فاروق ؓنبی آخرالزماں حضرت محمد کی دعا سے اسلام میں داخل ہوئے۔ آپؓ نبی پاک کے صحابی، ایک لیڈر اور بہادر کمانڈر تھے۔ آپؓ نے ریاستی امور کی بہترین انداز میں انجام دہی کا جامع نظام قائم کیا۔ حسن انتظام، اسلام کے اصولوں پر سختی سے عمل درآمداور عجزوانکساری اور تقوی آپ کے اوصاف گرامی ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے دعا کی کہ اللہ تعالی آپؓ کے درجات بلند سے بلند تر فرمائے اور ہم سب کو آپؓ کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ یکم محرم الحرام سے اسلامی ہجری کیلنڈر کے سال 1444 ھ کا آغاز ہو رہا ہے۔ میں اللہ تعالیٰ کے حضور دعا گو ہو ں کہ یہ ہجری سال پاکستان، پاکستانی قوم، عالم اسلامی اور ساری دنیا کیلئے باعث رحمت و برکت ہو، آمین۔ اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ اسلامی ہجری سال دینی، ملی اور تاریخی حیثیت کا حامل ہے۔ یہ مسلمانوں کو اس عظیم ہجرت کی یاد دلاتا ہے جس نے دنیا کا نقشہ بدل دیا۔ ہجری سال ہمیں یاد دلاتاہے کہ اسلام اور ایمان کے لئے اپنا گھر بار اور مال ودولت بھی چھوڑنا پڑے تو چھوڑ دو، لیکن دین کو نہ چھوڑو۔ انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام کی اسلامی تاریخ میں بے پناہ اہمیت اور فضیلت ہے۔ اس ماہ میں خانوادہ رسول کی عظیم الشان قربانیاں حق وباطل کے مابین کشمکش اور استقامت کا ابدی مظہر ہے۔
صدر‘ وزیراعظم