• news

پاک بحریہ کے جہاز تیمور کا جذبہ خیر سگالی کے تحت کمبوڈیا کی بندرگاہ کا دورہ 

اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) پاکستان کا پرچم لہراتے پاک بحریہ کے جہاز تیمور نے جذبہ خیر سگالی کے تحت کمبوڈیا کی بندرگاہ Sihanoukville کا دورہ کیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کے کسی جہاز کی جانب سے کمبوڈیا کا یہ پہلا دورہ ہے۔ بندرگاہ آمد پر کمبوڈیا کی وزارت برائے قومی دفاع، رائل کمبوڈین نیوی اور پاکستانی سفارتی حکام نے پاک بحریہ کے جہاز تیمور کا پرتپاک استقبال کیا۔ بندرگاہ کے دورے کے دوران کمانڈنگ آفیسر پی این ایس تیمور کیپٹن یاسر طاہر نے  Sihanoukville کے ڈپٹی گورنر اور کمانڈر ریم نیول بیس سے ملاقات کی۔ ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور میری ٹائم سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر کمانڈنگ آفیسر نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی جانب سے کمبوڈیا کے عوام اور بالخصوص کمبوڈیا کی بحریہ کے لیے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ کمانڈر ریم نیول بیس، ڈپٹی کمانڈر رائل کمبوڈین آرمی، ڈپٹی کمانڈر رائل کمبوڈین ائیر فورس اور کمبوڈیا کی حکومت کے اعلیٰ حکام نے پی این ایس تیمور کا دورہ کیا۔ دورہ کرنے والے معززین کو بحر ہند میں پاک بحریہ کے کردار اور تربیتی صلاحیتوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ رائل کمبوڈین نیوی کے افسران نے بھی جہاز کا دورہ کیا اور بحری مشق کا مشاہدہ کیا۔ پی این ایس تیمور کے دورے سے دوست ممالک کے ساتھ موجودہ قریبی اور خوشگوار سفارتی تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔
 پاک بحریہ

ای پیپر-دی نیشن