پاکستان سمیت متعددممالک سے عمرہ زائرین کی سعودی عرب آمد
ریاض (این این آئی)سعودی عرب میں حج وعمرہ قومی کمیٹی کے نمائندے ھانی علی العمیری نے کہا ہے کہ یکم محرم 1444ھ بروز ہفتہ سے بیرون مملکت سے عمرہ زائرین کی آمد شروع ہو گئی،عرب ٹی وی کے مطابق العمیری نے مزید کہا کہ عمرہ ویزہ کی میعاد پہلی بار 3 ماہ کے لیے کی گئی ہے۔ اس دوران عمرہ زائر مملکت میں کہیں بھی جاسکتے ہیں۔ توقع ہے کہ نئے ہجری سال 1444 کے دوران 10 ملین سے زیادہ عمرہ زائرین مملکت آئیں گے۔ آئندہ تین ماہ میں بیرون مملکت سے عمرہ زائرین کی تعداد میں اضافہ ہو گا،العمیری نے کہا کہ 30 جولائی 2022 کو پاکستان، ترکی، ازبکستان اور تاجکستان سے عمرہ زائرین کی آمد شروع ہو جائے گی اس ضمن میں جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور مدینہ منورہ امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ عمرہ زائرین کے قافلے پہنچیں گے۔العمیری نے کہا کہ 500 سے زیادہ عمرہ کمپنیوں اور اداروں نے کافی پہلے سے بیرونی عمرہ زائرین کے استقبال کی تیاریاں مکمل کر لی تھیں۔ العمیری نے بتایا کہ 500 سے زیادہ سعودی کمپنیاں اور ادارے عمرہ زائرین کو مختلف خدمات فراہم کریں گے۔