وفاقی محتسب کا فیصلہ مسترد‘ صدر نے درخواست گزار کو ریلوے میں ملازمت دینے کی ہدایت کر دی
لاہور (سٹاف رپورٹر) صدر مملکت نے وفاقی محتسب کا فیصلہ مسترد کرتے ہوئے پاکستان ریلوے کو شکایت کنندہ ثاقب رزاق کی تعیناتی کی ہدایت کر دی۔ صدر مملکت کی متوفی ملازمین کے بچوں کے کوٹے پر ثاقب رزاق کو ریلوے میں تعینات کرنے کی ہدایت کی۔ شکایت کنندہ نے دوران ملازمت اپنے والد کے انتقال کے بعد متوفی ملازمین کے بچوں کے کوٹے پر تقرری کی درخواست دی تھی جس پر عملدرآمد نہ کیا گیا۔ ریلوے کے خلاف وفاقی محتسب کو درخواست دائر کی گئی جسے مسترد کر دیا گیا۔ بعدازاں انصاف کیلئے صدر پاکستان کو درخواست دائر کی گئی تو صدرمملکت نے شکایت کنندہ کی درخواست قبول کر لی۔